یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان نے پہلی عالمی جنگ سے لے کر اب تک دنیا میں امن کے لئے متعدد خدمات انجام دی ہیں اور اب یہ اس کا حق ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسے مستقل رکن بنایاجائے ۔ مودی نے آج فرانس کے سہ روزہ دورہ کے آخری دن یہاں ہندوستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی عالمی جنگ کا صدی سال منایاجارہا ہے جب کہ4سال تک چلی اس جنگ میں ہندوستان کے14لاکھ جوانوں نے اپنی زندگی داؤ پر لگائی تھی اور75000ہندوستانی فوجی شہید ہوئے ، آج بھی اقوام متحدہ کی امن فوج میں ہندوستان کے سب سے زیادہ فوجی ہوتے ہیں، ہندوستان نے کبھی بھی دوسرے ملک پر حملہ نہیں کیا اور دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ امن کا حامی یہ ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل رکن بننے کے لئے ترس رہا ہے ، پہلی عالمی جنگ کے صدی سال میں امن کے سفیروں کا احترام ہونا چاہئے ، گاندھی اور بدھ کے ملک کو اس کا حق ملنا چاہئے، وہ دن چلے گئے جب یہ ملک بھیک مانگتا تھا، آج یہ ملک اپنا حق مانگتا ہے اور یہ حق دنیا میں امن کے پیغام کے پھیلانے کا ہے، دنیا میں امن کا پیغام دینے کا جتنا حق بدھ اور گاندھی کے ملک کو ہے ، اتنا اخلاقی حق شائد کسی دوسرے ملک کو نہیں ہے، پہلی عالمی جنگ کا صدی سال اور اقوام متحدہ کے قیام کے75ویں سال جنگ سے انسانیت کی نجات کا سال ہونا چاہئے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا یہ بات سمجھے کہ پہلی عالمی جنگ میں14لاکھ ہندوستانی فوجی دوسروں کے لئے لڑے تھے اور ان میں75ہزار شہید ہوگئے تھے یہ اپنے لئے نہیں تھا ، ہندوستان کی تاریخ میں حملہ کا نام و نشان تک نہیں ہے ، ہندوستان کی سر زمین کو ایثار و قربانی کی سرزمین ہے ، پھر بھی پہلی عالمی جنگ سے پیغام ملتا ہے کہ ہندوستان دوسروں کے لئے بھی قربانی دیتا ہے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں