سہراب الدین انکاؤنٹر - گجرات کا ایک اور پولیس آفیسر بری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-30

سہراب الدین انکاؤنٹر - گجرات کا ایک اور پولیس آفیسر بری

ممبئی
پی ٹی آئی
سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے آج گجرات کے پولیس آفیسر ابھیئے چدا سما کو سہراب الدین شیخ اور تلسی رام پرجاپتی کے فرضی انکاؤنٹرس کے کیس میں بری کردیا اور کہا کہ ان کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں ۔ جن کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ سی بی آئی کے خصوصی جج ای وی گوساوی نے چدا سما کو بری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کافی ثبوت نہیں ہے۔ سی بی آئی کے بموجب چدا سما نے سہراب الدین شیخ کے صفائے کی مبینہ سازش میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ ایسا الزام ہے کہ انہوں نے اس کیس کے کلیدی گواہ کو دھمکی بھی دی تھی ۔ سی بی آئی نے الزام لگایا تھا کہ پولیس آفیسر سہراب الدین شیخ کے بھائی رباب الدین کو سپریم کورٹ میں اپنی درخواست واپس لینے کے لئے لالچ دی اتھا اور 50لاکھ روپے کی پیشکش کی تھی ۔ عدالت نے اب تک اس کیس میں بی جے پی صدر امیت شاہ ، راجستھان کے وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریہ ، راجستھان کے بزنس مین ویمل پٹنی، گجرات کے سابق پولیس چیف پی سی پانڈے، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس گیتا جوہری، احمد آباد ڈسٹرکٹ کو آپریٹیو بینک کے سینئر عہدیداروں یشپال چدا سمااور اجئے پٹیل کو بری کیا ہے۔ سہراب الدین شیخ کے بارے میں گجرات پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے تعلقات پاکستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے ہے۔سہراب الدین اور اس کی بیو ی کوثر بی کا گجرات اے ٹی ایس نے حیدرآباد سے مہاراشٹرا کے سانگلی جاتے ہوئے ایک بس سے اغوا کیا تھا ۔ اسے نومبر2005میں گاندھی نگر کے قریب فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا تھا ۔ بعد میں ایسا شبہ ہے کہ کوثر بی کو بھی ہلاک کردیا گیا ۔ اس انکاؤنٹر کے عینی شاہد اور سہراب الدین کے ایک ساتھی تلسی رام پرجاپتی کو بھی پولیس نے مبینہ طور پر دسمبر2006میں گجرات کے بنس کانتا ضلع کے ایک گاؤں چھپری میں ہلاک کردیا ۔ سہراب الدین انکاؤنٹر کیس میں ستمبر2012ء میں سی بی آئی درخواست پر ممئی منتقل کیا تھا تاکہ منصفانہ سنوائی ہوسکے ۔2013ء میں سپریم کورٹ نے تلسی رام پرجا پتی فرضی انکاؤنٹر کیس کو سہراب الدین کیس سے مربوط کردیا تھا۔
احمد آباد سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب گجرات ہائیکورٹ نے آج گودھرا ٹرین میں آگ کے واقعہ کے بارے میں دائر کردہ اپیلوں میں اپنا فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ جسٹس اننت دوے اور جسٹس جی آر ادوانی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے وکیل صفائی اور تحقیقاتی ایجنسی کی دلائل کی سماعت مکمل ہوگئی ۔26مارچ2002ء کو گودھرا اسٹیشن کے قریب سابرمتی اکسپریس کےS6کوچ میں آگ لگنے سے59افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں بیشتر کار سیوک تھے ۔ اس واقعہ کے بعد گجرات میں بد ترین فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے جن میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق1200افراد ہلاک ہوئے جن میں سے زیادہ تر مسلمان تھے ۔

Special Mumbai CBI Court Discharges Gujarat Police Officer in Sohrabuddin Case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں