مغربی بنگال کے بلدی انتخابات میں شکست سے بی جے پی میں مایوسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-30

مغربی بنگال کے بلدی انتخابات میں شکست سے بی جے پی میں مایوسی

کلکتہ
یو این آئی
کلکتہ کارپوریشن اور میونسپلٹی انتخابات کے نتائج نے مغربی بنگال میں قدم جمانے کی کوشش کررہی بی جے پی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ اور بی جے پی کو چوتھے مقام پر پہنچادیا ہے ۔ بلدیاتی انتخابات کے نتائج گرچہ قومی سیاست پر اثر انداز نہیں ہوتی ہیں مگر اس کے نتائج سے عوام کے مزاج اور ان کے رخ کا صحیح اندازہ ضرور لگایاجاتا ہے۔ کلکتہ کارپوریشن اور 92میونسپلٹی انتخابات کو سیاسی پارٹیاں2016ء میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سیمی فائنل کے طور پر دیکھ رہی تھیں اور اسی کے مد نظر تمام سیاسی جماعتوں نے بہتر نتائج کے لئے اپنی پوری قوت کو جھونک دیا تھا۔2014ء کے پارلیمانی انتخابات اور اس کے بعد ایک پارلیمانی اور تین اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی نتائج میں بی جے پی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ بی جے پی کا ووٹ 6فیصد سے بڑھ کر16فیصد تک ہوگیا تھا ۔ بی جے پی کو امید تھی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں ایک بڑی طاقت بن کر ابھرے گی اگر ترنمول کانگریس کو بے دخل نہیں کرسکی تو کم سے کم دوسری پوزیشن پر ضروری رہے گی ۔ مگر بی جے پی کلکتہ کارپوریشن میں صرف سات سیٹوں پر ہی کامیابی حاصل کرسکی اور92میونسپلٹیوں میں کہیں بھی اپنا بورڈ نہیں بنا سکی ہے ۔ مغربی بنگال میں کل2,090وارڈوں میں انتخاب ہوں جس میں ترنمول کانگریس نے1,425وارڈوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور بایاں محاذ نے285اور کانگریس نے186وارڈ میں ۔ بایاں محاذ نے سلی گوڈی میونسپل کارپوریشن میں سابق ریاستی وزیر ارشوک بھٹا چاریہ کی قیادت میں اپنا بورڈ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔47وارڈوں میں بایاں محاذ نے23وارڈوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ جب کہ ترنمول کانگریس کو صرف17وارڈوں میں ہی کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس نے مرشدآ باد ، مالدہ اور پرولیا میں اپنے گڑھ کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس نے 34سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی ، کانگریس نے چار، بی جے پی اور سی پی ایم نے دو دو سیٹوں پر قبضہ کیا تھا ۔ بی جے پی 42پارلیمانی حلقوں میں سے30حلقوں میں تیسری پوزیشن پر رہی اور تین حلقوں میں دوسرے نمبر پر تھی ۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان ڈیرک اوبرائن نے بی جے پی کی شکست پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی کا غبارہ پھٹ گیا ہے اور ترنمول کانگریس نے بی جے پی کا صفایا کردیا ۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ بی جے پی کی اچانک مقبولیت کا گراف روکنے کی سب سے بڑی وجہ سے بی جے پی لیڈروں کا طنز آمیز بیانات ہیں۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے گزشتہ سال اور اس سال جنوری میں بنگال کی ریلیوں میں ممتا بنرجی کے خلاف سخت بیانات دیے تھے ۔ بھاگ ممتا کا نعرہ بلند کیا تھا اور اس کے علاوہ بردوان بم دھماکہ کے حوالہ سے ممتا بنرجی پر الزام عائد کیا تھا ۔ ممتا بنرجی ووٹ بینک کی خاطر بنگلہ دیشی شہریوں کو پناہ دے رہی ہیں ۔

BJP disappointed with WB Municipal Results

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں