وزیر اعظم کے بیانات سے عہدہ کا وقار گھٹ گیا - کانگریس ترجمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-18

وزیر اعظم کے بیانات سے عہدہ کا وقار گھٹ گیا - کانگریس ترجمان

نئی دہلی
یو این آئی
کینیڈا کے دورہ کے دوران ملک اور سابق یوپی اے حکومت کی توہین کرتے ہوئے اپنے عہدہ کا وقار گھٹانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کانگریس نے آج انتباہ دیا کہ آئندہ سے نریند رمودی کے ہر بیرونی دورہ کے موقع پر پارٹی کا ایک لیڈر یا ترجمان موجود رہے گا تاکہ ان کے دعوئوں کی تردید کرسکے ۔ کانگریس ترجمان آنند شرما نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم اپنے بیرونی دوروں کے دوران ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے ملک اور سابق یوپی اے حکومت کی توہین ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب نریندر مودی ہندوستان کے باہر ہوتے ہیں تو وہ ایسی باتیں کہتے ہیں جن سے نہ صرف ان کے عہدہ کا وقار گھٹتا ہے بلکہ ملک کے عوام کی بھی توہین ہوتی ہے ۔ مودی ہندوستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر پیش کررہے ہیں جو بھیک مانگ رہا تھا اور اب بھیک نہیں مانگے گا ۔ یہ ملک کے عوام کی توہین ہے ۔ ہم انہیں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں ایک طاقتور اور درخشاں ہندوستان ورثے میں ملا ہے ۔ وزیر اعظم اپنے بیرونی دوروں کے موقع پر ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے نہ صرف ان کا مرتبہ گھٹتا ہے بلکہ ہندوستان کا مرتبہ بھی گھٹتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مودی اپنے بیرونی دوروں کے دوران اپوزیشن یو پی اے کو بدنام کررہے ہیں ۔ شرما نے کہا کہ وزیر اعظم کو داخلی سیاست باہر نہیں لے جانی چاہئے ۔ ہاں اگر وہ بیرونی ملک سے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں تو الگ بات ہے۔ نریندر مودی جی کو یہ بتانا اہمہے کہ ملک کی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم نے اپنے بیرونی دورہ کے دوران اپوزیشن کی توہین نہیں کی ۔ پنڈت جواہر لال نہرو سے لے کر ڈاکٹر منموہن سنگھ تک کسی بھی وزیر اعظم نے سابق حکومتوں پر تنقید نہیں کی ۔ ایسا کرتے ہوئے مودی نے تمام اصولوں سے انحراف کیا ہے۔ کینیڈا مین وزیر اعظم یہ بھول گئے کہ وہ ہندوستان کے وزیر اعظم ہیں ، اس کے بجائے وہ بی جے پی، آر ایس ایس کے پرچارک کی طرح بات کرنے لگے ۔ مودی کو یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ ہندوستان کا پہلا وزیر اعظم ہے جس نے بات چیت کو اتنی نچلی سطح تک پہنچادیا ہے ۔ وزیر اعظم پر غیر صحت مند سوچ کا اسیر بننے کا الزام عائد کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ کسی کو وزیر اعظم کو یہ مشورہ دینا چاہئے کہ ان کی جو ذہنیت ہے وہ انہی پر مرکوز ہے ۔ وہ غیر صحتمند ذہنیت رکھتے ہیں ۔ اور یہ ہندوستان کے لئے ایک تشویشناک معاملہ ہے ۔ شائد بی جے پی کے لوگ اس بات سے اتفاق نہیں کریں گے لیکن سچائی کو جھٹلایا نہیں جاسکتا ۔ وزیر اعظم نے سابق حکومتوں کی توہین کرتے ہوئے ہندوستان کی توہین کی ہے ۔ ہمیں وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہئے کہ آئندہ سے وہ جس ملک کا بھی دورہ کریں گے کانگریس کا ایک لیڈر یا ترجمان وہاں موجود رہے گا تاکہ ان کے دعوئوں کی تردید کرسکے ۔

Congress criticises Modi for his remarks in Toronto

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں