بی جے پی کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی - عام آدمی پارٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-09

بی جے پی کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی - عام آدمی پارٹی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی نے موت پر سیاست کرنے پر آج بی جے پی کو نشانہ تنقید بنایا اور دھمکی دی کہ وہ پارٹی کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔ قبل ازیں بی جے پی نے دہلی کے ایک وزیر پر ترکمان گیٹ واقعہ کے ملزمین کی سرپرستی کا الزام عائد کیا تھا ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے دہلی پولیس کی مبینہ بے عملی پر اسے نشانہ تنقید بنایا جو مرکز کے ماتحت ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس جائے واقعہ پر دیر سے پہنچی ۔ انہوں نے کہا کہا کہ بی جے پی اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے، کیونکہ وہ اسمبلی اتنخابات کے فیصلہ سے خوفزدہ ہوگئی ۔ بی جے پی نے کل ریاستی وزیر ماحولیات عاصم احمد خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا ۔ واضح رہے کہ دہلی میں دو دن قبل گاڑیوں کی ٹکر کے ایک واقعہ کے بعد ایک شخص شاہنواز کو اس کے دو کمسن بچوں کے سامنے پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ وسطی دہلی کے ترکمان گیٹ علاقہ میں شاہنواز کی موٹر سائیکل ایک موٹر کار سے ٹکرا گئی تھی ، جس میں چند افراد سوار تھے ۔ عام آدمی پارٹی کے ایک اورلیڈر سنجے سنگھ نے بتایا کہ پارٹی بی جے پی کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کررہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے بعض صحافیوں کو بھیجے گئے ایس ایم ایس پیامات قابل اعتراض ہیں اور ہم اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کررہے ہیں ۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب عام آدمی پارٹی نے آج ساری ذمہ داری مرکز پر ڈالتے ہوئے کہا کہ دہلی پولیس مرکزی وزارت داخلہ کے تحت ہے اور قومی دارالحکومت میں نظم و ضبط کی صورت حال کے لئے مرکز جواب دہ ہے ۔ ترکمان روڈ پر پیش آئے قتل واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پارٹی قائدین اشوتوش ،کمار وشواس اور سنجے سنگھ نے کہا کہ دہلی پولیس وزارت داخلہ کے تحت ہے اور دہلی میں اگر نظم و ضبط متاثر ہوتا ہے تو اس کے لئے مرکز جواب دہ ہے ۔ اس واقعہ میں ایک37 سالہ شخص کی جان چلی گئی تھی۔ سنجے سنگھ نے بی جے پی کے اس الزام پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہ اس واقعہ میں ملوث ملزم عام آدمی پارٹی کے رکن ہیں، کہا کہ یہ الزام بالکلیہ بے بنیاد ہے ۔ عام آدمی پارٹی قائدین نے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ مجرموں کے خلاف مقدمہ درج کرے اور واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ کمار وشواس نے مرکز سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ دہلی پولیس کی سر گرم شراکت کو یقینی بنائے جو ان کے زیر کنٹرول ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں