تلنگانہ اسمبلی سے معطلی کے خلاف تلگو دیشم ارکان کی گورنر سے نمائندگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-14

تلنگانہ اسمبلی سے معطلی کے خلاف تلگو دیشم ارکان کی گورنر سے نمائندگی

حیدرآباد
آئی اے این ایس
تلنگانہ میں اپوزیشن تلگو دیشم پارٹی نے اسمبلی سے اپنے تمام ارکان کی پورے بجٹ اجلاس کے لئے معطلی کے خلاف آج ریاستی گورنر سے شکایت کی ۔ تلگو دیشم ارکان مقننہ کا ایک وفد آج راج بھون پہنچا اور گورنرای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کر کے انہیں ایک یادداشت پیش کی اور معاملہ میں مداخلت کا مطالبہ کیا ۔ قائدین نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ راشٹر اسمیتی کی حکومت ، ریاست میں غیر جمہوری طرزعمل اختیار کئے ہوئے ہے کیونکہ اسمبلی سے تلگو دیشم پارٹی کے تمام ارکان کو پورے بجٹ اجلاس کے لئے معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے گورنر پر زور دیا کہ وہ حکومت کے خلاف کارروائی کریں۔ وفد، تلگو دیشم فلورلیڈای دیا کر رراؤ کی قیادت میں راج بھون پہنچا جس نے گورنر سے یہ بھی شکایت کی کہ تلنگانہ اسمبلی کے اسپیکر غیر جانبدارانہ طور پر اپنے فرائض انجام نہیں دے رہے ہیں اور وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں ۔تلگو دیشم پارٹی قائدین نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اسپیکر نے تلگو دیشم کے ان تین ارکان اسمبلی کو تاحال نا اہل قرا ر نہیں دیا ۔ جنہوں نے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ وفد نے تینوں ارکان ٹی سرینواس یادو ، ٹی کرشنا ریڈی ، اور ٹی ناگیشور راؤ کو فوری ایوان کی رکنیت کے لئے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح ہو کہ ٹی سرینواس یادو کابینی وزیر بھی ہیں ۔ اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے پیر کے دن تلگو دیشم پارٹی کے تمام ارکان کو گڑ بڑ ، شوروغل اور ہنگامہ آرائی کے علاوہ ایوان میں بد نظمی پھیلانے اور قومی ترانہ کی توہین کرنے کے بعد معذرت خواہی سے انکار پر انہیں پورے بجٹ اجلاس سے معطل کردیا تھا ۔ تلگو دیشم ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج کررہے تھے اور حکومت سے مطالبہ کررہے تھے کہ درج فہرست ذاتوں اور خواتین کو ریاستی کابینہ میں نمائندگی دی جائے ۔ حکومت کا اصرار تھا کہ وہ پہلے معذرت خواہی کریں کیونکہ انہوں نے7مارچ کو گورنر کے خطبہ کے دوران قومی ترانہ کی توہین کی تھی ۔ تلگو دیشم پارٹی اور کانگریس کے چند ارکان اسمبلی نے مبینہ طور پر قومی ترانہ کا احترام نہیں کیا تھا جب کہ اسمبلی میں یہ بجایاجارہا تھا ۔ وہ حکومت کے خلاف نعرے بازی میں مصروف رہے ۔ قومی ترانہ کے عدم احترام پر اصل اپوزیشن تلگو دیشم پارٹی کے ایک رکن نے پیر کے دن معذرت خواہی کرلی تھی لیکن تلگو دیشم ارکان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معذرت خواہی سے انکار کردیا جس پر اسپیکر نے انہیں ایوان سے پورے بجٹ اجلاس کے لئے معطل کردیا۔

TDP MLAs meet Governor on suspension from Telangana Assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں