اردو اسکول کالجوں میں اساتذہ کے تقرر کے لئے خصوصی اعلامیہ - نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-20

اردو اسکول کالجوں میں اساتذہ کے تقرر کے لئے خصوصی اعلامیہ - نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ

ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے بتایا ہے کہ عنقریب اردو میڈیم اسکولس اور کالجس میں ٹیچرس اور لکچررس کی جائیداد کو پر کرنے کے لئے خصوصی اعلامیہ جاری کیاجائے گا اور محفوظ زمرہ کے تحت اردو ٹیچرس کی جو جائیدادیں ہیں اس کو عام زمرہ میں منتقل کیاجائے گا ۔ روزنامہ اعتماد سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات بتائی ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی بہبود کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اردو میڈیم اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ اردو زبان کا تحفظ اور فروغ ہو ، اس لئے اردو تعلیمی اداروں میں ترجیحاتی بنیادوں پر انفراسٹرکچر کی فراہمی اور عملہ کا تقرر کیاجائے گا۔ برسہا برس سے ان اداروں کو نظر انداز کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس کے مطالبہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں بھی اس بات کا اعلان کیا ہے کہ ٹیچرس کے تقررات ترجیحاتی بنیادوں پر کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتوں کے جو امدادی ادارے ہیں ، ان کی ترقی اور فروغ کے لئے بھی کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے پچھڑے طبقات کی طرح اقلیتوں کو بھی مراعات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اقلیتوں کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے پوسٹ میٹرک کے علاوہ پری میٹرک اسکالر شپ کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ہے ۔ غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے شادی مبارک اسکیم متعارف کی گئی ہے ۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ سرکاری اسکولس اورکالجس میں معیار تعلیم کی بہتری کے لئے توجہ دی جائے گی اور بالخصوص خواتین میں تعلیم کو عام کیاجائے گا ۔ اقلیتی طبقہ میں ترک تعلیم کا رجحان ہے ۔ کالجس دور ہونے کی وجہ سے اقلیتی لڑکیاں اعلی تعلیم حاصل نہیں کرپارہی ہیں ۔ اس لئے حکومت نے ہر ضلع میں ایک ویمن ڈگری کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کڈیم سری ہری نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کی ہمہ جہت ترقی اور اس شہر کو ایک ورلڈ کلاس سٹی میں تبدیل کرنے کے مقصد سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہیرٹیج کے تحفظ کے علاوہ شہر میں تالابوں اور جھیلوں کا تحفظ اور ان کی نگہداشت کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے ۔ عنقریب دریائے کرشنا سے تیسرے مرحلہ کی سربراہی آب کے پراجکٹ کا بھی آغاز ہوگا ۔ دریائے گوداوری سے بھی شہر کو پانی لایاجارہا ہے ۔ شہر میں حفاظتی انتظامات کو موثر بنانے کے لئے پولیس نظام کو بھی عصری بنایاجارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے شہری علاقوں میں 24گھنٹے برقی سربراہی کو ممکن بنانے سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے ۔ آنے والے چند سال میں تلنگانہ میں برقی کا بحران نہیں رہے گا۔
کڈیم سری ہری نے دعویٰ کیا کہ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت غریبوں اور کمزور طبقات کی بہبود کے علاوہ تلنگانہ کی جامع ترقی کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس پر عمل آوری کے لئے وقت ضرور لگے گا لیکن چند سال کے بعد جو نتائج سامنے آئیں گے اس سے عوام خود مضودہ حکومت کی کارکردگی سے متعلق مثبت رائے دیں گے ۔ متحدہ ریاست میں تلنگانہ کے ساتھ مسلسل نا انصافی کی گئی۔ حیدرآباد اور ریاست کے دوسرے اضلاع میں جو سائل تھے ان کو آندھرا کے علاقوں میں منتقل کیاگیا ۔ اس لئے تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایاکہ ٹی آر ایس حکومت تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے ۔ چیف منسٹر کا خواب ہے کہ تلنگانہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا گلدستہ ہو جس کی مثال پورے ملک میں دی جائے ۔ تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے کڈیم سری ہری نے بتایا کہ ایک عرصہ تک این چندرا بابو نائیڈو اور تلگو دیشم علیحدہ ریاست کی تشکیل کی مسلسل مخالفت کرتے رہے اور اب تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد اس ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ برقی اور پانی کی تقسیم کے معاملہ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت بھی تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ نہیں کررہی ہے ۔

Special Notification for appointment of Urdu teachers in schools and colleges, Deputy Chief Minister Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں