تلنگانہ حکومت عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-31

تلنگانہ حکومت عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کوشاں

حکومت تلنگانہ دبئی کے ایک سرمایہ کاری اجلاس میں شرکت کررہی ہے تاکہ نو تشکیل شدہ ریاست میں عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کیاجاسکے ۔ دبئی کا اجلاس ایک شاذونادر موقع ہوگا جس کے دوران نہ صرف حکومت متحدہ عرب امارات کے کلیدی فیصلہ سازوں سے ملاقات ہوسکتی ہے بلکہ دیگر عالمی قائدین اور مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں سے بات چیت کے ذریعہ انہیں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیاجاسکے گا ۔ دبئی میں واقع ہندوستانی قونصل خانہ کے جاری کردہ ایک بیان کے بموجب حکومت تلنگانہ دبئی میں منعقد شدنی پانچویں سالانہ سرماریہ کاری اجلاس میں خود کو بہتر ڈھنگ سے پیش کرتے ہوئے ریاست میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کرے گی ۔ یہ کوشش حکومت تلنگانہ کی ان کوششوں کا ایک حصہ ہے جس کے ذریعہ وہ ریاست کو سرمایہ کاروں کے لئے ریاست کی سب سے پسندیدہ منزل میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ ریاستی وزیر پنچایت راج اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ حکومت اور کاروباری قائدین کے ایک بڑے گروپ سے خطاب کریں گے ۔ انفراسٹرکچر ٹکنالوجی اور فارما سیکوٹیکلز کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کے تارک راما راؤ نہیں انہیں تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کے اطراف و اکناف موجود مواقع سے واقف کرائیں گے ۔ حکومت تلنگانہ اختراعات اور ٹکنالوجی کو فروغ دیتے ہوئے حیدرآباد کو ایک مستقبل کے شہر کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ وہ شہر میں نئے شعبوں کی ترقی کی بھی خواہاں ہے جس کے لئے اسمارٹ سیٹیز منصوبہ بندی کو کام میں لایاجائے گا ۔ اجلاس آج شروع ہوچکا ہے جس میں ممتاز قائدین اور مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ یہ اجلاس تین دن تک جاری رہے گا ۔ سالانہ سرمایہ کاری اجلاس متحدہ عرب امارات کی وزارت معیشت کی ایک پہل ہے اور دبئی میں منعقد ہورہا یہ اجلاس اس کا پانچواں ایڈیشن ہے ۔ اجلاس میں ہائی پروفائیل سرکاری عہدیدار ، دنیا بھر کے خانگی سرمایہ کار اور پراجکٹ پرموٹرس شرکت کررہے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ بھی آئندہ تین برسوں کے دوران ریاست کی10بلین امریکی ڈالر برآمدات کو بڑھاکر17بلین امریکی ڈالر کردینے کا نشانہ رکھتی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی سی ٹی اور الیکٹرونکس کے شعبوں میں ملازمتوں کے 10لاکھ مواقع بھی پیدا کئے جائیں گے ۔

Telangana delegation attends investment meet in Dubai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں