نئے آندھرا دارالحکومت کا ماسٹر پلان جون تک تیار ہو جائے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-31

نئے آندھرا دارالحکومت کا ماسٹر پلان جون تک تیار ہو جائے گا

وجئے واڑہ کے آس پاس آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کا ماسٹر پلان امکان ہے کہ جون تک تیار ہوجائے گا۔ حکومت سنگا پور کی مختلف ایجنسیاں ، حکومت آندھرا پردیش سے ماسٹر پلان کی تیاری میں مفت تعاون کررہی ہیں ۔ چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے جو سنگاپور کے دورہ پر پہنچ چکے ہیں ۔ آج ماسٹر پلان کی جھلکیاں دیکھیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے ماسٹر پلان میں چند تبدیلیاں لانے کی درخواست کی ۔ ریاستی حکومت کے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف تجاویز پر عمل آوری اور تبدیلیوں کے بعد آئندہ چھ تا آٹھ ہفتوں میں دارالحکومت کا ماسٹر پلان پوری طرح تیار ہوجائے گا ۔ حکومت آندھر اپردیش کے ایک وفد نے سنگار پور کی ایجنسیوں کو لینڈ پولنگ پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی اور دارالحکومت کی تعمیر کے لئے مختلف میعادیں بھی مقرر کی گئیں ۔ ریاستی حکومت نے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے دریائے کرشنا کے کنارے وجئے وڑہ کے قریب لینڈ پولنگ سسٹم کے ذریعہ32ہزار ایکر اراضی حاصل کی ہے ۔ آندھرا پردیش اور سنگا پور کے وفود نے آئندہ6تا8ہفتوں کے بعد ایک اور ملاقات کا فیصلہ کیا ہے جب کہ حکومت سنگا پور ماسٹر پلان کے ایک نظر ثانی شدہ خاکہ کے ساتھ اسے ریاستی حکومت کو پیش کرے گی۔ آئندہ مرحلہ سیڈ کیپٹل پلاننگ ہوگا۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے دورہ سنگاپور کا آغاز بابائے سنگا پور لی کی یو کی یادو میں ایک پیام پڑھتے ہوئے کیا۔ بعد ازاں انہوں نے سنگا پور کے وزیر خارجہ کے شان موگم اورسفیر گوپی ناتھ پلائی کے ہمراہ ناشتہ کیا اور اس کے بعد سنگا پور کے وزیر ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایس ایشورن کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی ۔ ایشورن اور دیگر مندوبین کے ہمراہ اجلاس کے دوران چندرا بابو نائیڈو کو نئے دارالحکومت کے ماسٹر پلان کا خاکہ دکھایا گیا جس میں انہوں نے چند تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ۔ چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ وفد میں وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو ، وزیر شہری ترقیات پی نارائنا اور میڈیا مشیر پی پربھاکر شامل ہیں۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے سنگا پور کے مختلف عہدیداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے مندوبین سے کہا کہ وہ سنگا پور ی شہریوں کے بے حد مداح ہیں کیونکہ وہ سخت محنتی ہوتے ہیں ۔ سنگا پور کے پہلے وزیر اعظم لی کو ان یوکو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی لی کو ان کا مداح رہا ہوں ۔ ہماری قانون ساز اسمبلی نے ان کے انتقال پر ایک تعزیتی قرار داد منظور کرتے ہوئے انہیں خراج پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ریاست کے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ میں انہیں ایک ورلڈ کلاس دارالحکومت دوں گا اور سنگا پور کے خطوط پر ایک عالمی سطح کا شہر تعمیر کرنے کے لئے میں اپنے عہد کا پابند ہوں ۔ ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں مختلف شعبوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر، بندرگاہیں، جہاز رانی، مواصلات ، اسمارٹ شہروں ، حمل و نقل ، واٹر مینجمنٹ اور شہری منصوبہ بندی ایسے میدان ہیں جہاں آندھرا پردیش اور سنگا پور کے درمیان وسیع تر مفاہمت ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کی تعمیر کا منصوبہ تکمیل کے مرحلہ میں ہے اور قطعی ماسٹر پلان جون تک حاصل ہوجائے گا ۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو تیقن دیا کہ وہ ریاست میں آسانی کے ساتھ اپنا کاروبار کرسکیں گے ۔ ریاستی حکومت کی اہم پالیسیوں کے تحت میگا انفراسٹر کچر پراجکٹس کو اہمیت دی جارہی ہے۔ شفاف حکمرانی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں سنگا پور کی کمپنیوں کے لئے بے پناہ مواقع دستیاب ہین ۔ اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئیں اور اس کا تجربہ کریں ۔ ایشورن نے کہا کہ سنگاپور کو آندھرا پردیش کے ایک ورلڈ کلاس شہر کی تعمیر کا موقع حاصل ہوا ہے اور وہ اسے ہاتھ سے جانے نہیں دے گا ۔ ہم چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور ان کی ٹیم سے بہت متاثر ہیں ۔

Master plan for Andhra Pradesh capital likely to be ready in June

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں