اقلیتوں پر حملے کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے - راجیہ سبھا ارکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-17

اقلیتوں پر حملے کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے - راجیہ سبھا ارکان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
راجیہ سبھامیں ارکان نے مغربی بنگال میں70سالہ راہبہ کی عصمت ریزی کے بشمول اقلیتوں پر حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس پر حکومت نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی بہر قیمت برقرار رکھی جائے۔ سی پی آئی کے ڈی راجہ نے اقلیتوں پر حملوں کے مسئلہ پر بحث کے لئے کام کاج معطل کرنے کی نوٹس دی اور کہا کہ صورتحال سنگین ہے جب کہ اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں بڑے دکھ کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھاتا ہوں ۔ مغربی بنگال مین70سال کی ضعیف راہبہ کی عصمت ریزی کی گئی ۔ ہریانہ میں زیر تعمیر گرجا گھر کو منہدم کردیا گیا۔ ملک میں عیسائیوں پر حملے بڑھتے جارہے ہیں ، یہ صدمہ کی بات ہے۔ دائیں بازو کی انتہا پسند قوتیں بے حد جارحانہ ہوگئی ہیں ۔ کیا ہم اپنے ملک کے جمہوری دھارے کی حفاظت کرسکتے ہیں ۔ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور ملک کے سارے عوام کو اس پر تشویش ہے ۔ راجہ نے کہا کہ وہ دفعہ267کے تحت ایوان کے کام کاج معطل کرتے ہوئے مسئلہ پر بحث چاہتے ہیں ۔انہوں نے گوہاٹی میں بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کے ایک متنازعہ بیان کا بھی حوالہ دیا کہ بھگوان صرف مندروں میں رہتے ہیں کہیں اور نہیں رہتے ۔ راجہ نے سوال کیا کہ اس ملک میں کیا ہورہا ہے ۔ راجہ سے اتفاق کرتے ہوئے مملکتی وزیر پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کہ اکہ یقیناًریاستی حکومتوں کو ایسے معاملات میں ضروری کارروائی کرنا چاہئے اور مجرموں کے خلاف مقدمے درج کرنا چاہئے ۔ انہوں نے مناسب نوٹس کے بعد اس مسئلہ پر بحث سے بھی اتفاق کیا ۔ جنتادل یو کے علی انور انصاری سی پی آئی ایم کے تپن کمار سین اور ترنمول کانگریس کے سیکھندو شیکھر رائے نے بھی مسئلہ پر مباحث کی تائید کی ۔ مختلف افراد کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سین نے کہا کہ مسلسل توہین آمیز زبان استعمال کی جارہی ہے ، جس کا سلسلہ وزی راعظم کی جانب سے تیقن کے بعد بھی بند نہیں ہوا ۔ سین نے کہا کہ وزیر اعظم کے بشمول وزراء نے تیقنات دئیے لیکن اگلے ہی روز بلکہ اسی دن اشتعال انگیز تقریر کی گئیں تاکہ عوام کو مذہب اور ذات پات کی خطوط پر تقسیم کیاجائے ۔ وزیرا عظم کے تیقن کا لحاظ رکھا گیا ۔ بعد میں وقفہ صفر کے دوران ترنمول رکن ڈیرک اوبرائین نے راہبہ کے واقعہ کو اٹھاتے ہوئے اسے بربریت کی شرمناک حرکت قرار دیا اور کہا کہ یہ خواتین کے حقوق سے متعلق ایک بڑا مسئلہ ہے ، ان کے تحفظ کا جو اقلیتی ادارے چلاتے ہیں ۔

Take action against those attacking minorities: Rajya Sabha members to government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں