عام آدمی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی راجیش گرگ معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-17

عام آدمی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی راجیش گرگ معطل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی نے آج اپنے سابق رکن اسمبلی راجیش گرگ کو مخالف پارٹی سر گرمیوں کی پاداش میں معطل کردیا ۔ قبل ازیں انہوں نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف یہ الزامات عائد کئے تھے کہ انہوں نے گزشتہ سال حکومت تشکیل دینے کانگریس کے چھ ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ گرگ مسلسل غلطیاں کرتے رہے ہیں ، جس کی وجہ سے پارٹی کو یہ فیصلہ لینا پڑا ہے۔ گزشتہ ہفتہ راجیش گرگ نے جو روہنی کے سابق رکن اسمبلی ہیں، کجریوال پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال دہلی میں حکومت تشکیل دینے کانگریس کے6ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے اپنے اور کجریوال کے درمیان فون پر ہوئی بات چیت کو ریکارڈ کرلیا تھا جو بعد میں منظر عام پر آئی اور اسے میڈیا میں گشت گرایا گیا ۔ گرگ نے کہا کہ انہوں نے اپنی اس بات چیت کی ریکارڈنگ سینئر پارٹی قائد کمار وشواس کو ای میل کے ذریعہ روانہ کی تھی ۔ کمار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ گرگ انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،کیوں کہ وہ اسمبلی انتخابات کے ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے تھے۔ گرگ نے انہیں بلیک میلر قرار دینے پر کمار وشواس کو ایک قانونی نوٹس بھی روانہ کی ہے ۔ کمار وشواس کو قانونی نوٹس روانہ کیے جانے کے بعد گرگ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ ایسا نہیں ہوا ہے کہ روہنی کے سابق رکن اسمبلی اور پارٹی قیادت میں ٹکراؤ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال اکتوبر میں انہوں نے پارٹی میں داخلی جمہورت کے بارے میں کجریوال کے ساتھ سوال اٹھائے اور یہ بھی کہا تھا کہ آیا دہلی میں تازہ انتخابات کے انعقاد کے بارے میں عوام سے مشاورت کی گئی ہے ۔ راجیش گرگ عام آدمی پارٹی کے دوسرے سابق رکن اسمبلی ہیں جن کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی ہے ۔

Former MLA Rajesh Garg suspended from AAP for "anti-party activity"

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں