تلنگانہ میں سوائن فلو سے تاحال 57 اموات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-03

تلنگانہ میں سوائن فلو سے تاحال 57 اموات

تلنگانہ میں سوائن فلو سے فوت ہونے والوں کی تعداد57تک پہنچ گئی ہے ۔ یکم جنوری تا یکم مارچ یہ اموات واقع ہوئی ہیں ۔ اس دوران 4879مریضوں کی جانچ کی گئی جن میں1532مریضوں کو سوائن فلو سے متاثر قرار دیا گیا ۔ محکمہ صحت کے جاری کردہ ایک بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ یکم مارچ کو206مریضوں کے لعاب اور خون کے نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں63افراد سوائن فلو سے متاثر پائے گئے ۔ ریاست کے تمام تدریسی ضلع اور ایریا ہاسپٹلس میں سوائن فلو کی ادویات کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے اور سوائن فلو کی جانچ کے لئے درکار ٹیسٹنگ کٹس کی بھی کمی نہیں ہے ۔ شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ اور سوائن فلو کی ابتدائی علامات جیسے تیز بخار، چھینکیں ، کھانسی اور بدن درد پر فوری ڈاکٹر سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بار بار ہاتھ دھوتے رہیں اور پر ہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں ۔ مصافحہ سے بھی گریز کیاجائے تو بہتر ہے۔ چھینکنے اور کھانستے وقت دستی یا رومال کا استعمال کریں ۔ ہسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سوائن فلو کی مشتبہ علاما ت کے ساتھ جیسے ہی کوئی مریض دواخانہ کو پہنچے تو اس کی فوری جانچ کرتے ہوئے مثبت نتیجہ آنے پر اسے دواخانے میں شریک کرلیں ۔ اگر کوئی مریض خانگی دواخانہ میں شریک ہونے کے آمادہ نہ ہو تو اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ وہ گاندھی ہاسپٹل منتقل ہو ۔ خانگی دواخانوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ مریضوں کے مکمل پتے اور فون نمبرات حاصل کرتے ہوئے ان کا علاج شروع کریں۔ سوائن فلو سے حفاظت کے لئے ہومیو پیتھی دواؤں کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے ۔ گورنمنٹ ہومیو ہاسپٹل رامنتا پور اور تمام آیوش ڈسپنسریوں میں یہ دوائیں مفت دستیاب ہیں۔

Swine Flu Death Toll in Telangana Rises to 57

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں