مرکزی بجٹ آندھرا کے لیے مایوس کن - چندرا بابو نائیڈو کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-03

مرکزی بجٹ آندھرا کے لیے مایوس کن - چندرا بابو نائیڈو کا الزام

چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی بجٹ 2015کو آندھرا پردیش کے لئے مایوس کن قرار دیا۔ آج چیف منسٹر کیمپ آفس میں اپنے چند کابینی رفقاء سے بات چیت کے دوران انہوں نے بجٹ2015پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بتایا گیا ہے کہ این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مرکزی بجٹ آندھرائی عوام کے توقعات کے مغائر ہے ۔ ریاست کی تقسیم کو نا انصافی پر مبنی فیصلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقسیم کے بعد آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014میں کئے گئے وعدوں پر عمل کئے جانے کی امید تھی مگر مرکزی حکومت نے تمام وعدوں کو نظر انداز کردیا ۔ ہماری امیدوں اور توقعات پر پانی پھیر دیا گیا جبکہ مرکزی حکومت کی ذمہ داری تھی کہ وہ ہمیں ترقی کے لئے مواقع اور فنڈس فراہم کرتی ۔ این چندرا بابو نائیڈو نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر آندھرا پردیش کے ساتھ مرکز کا رویہ ایسا ہی برقرار رہتا ہے تو ہم ریاست میں با صلاحیت افراد کی موجودگی کے باوجود پڑوسی ریاستوں تلنگانہ ، تاملناڈو اور کرناٹک کے مقابلہ میں پیچھے رہ جائیں گے ۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق آندھر اپردیش کے ساتھ مرکزی حکومت کی مسلسل نا انصافیوں سے دلبرداشتہ این چندرا بابو نائیڈو نے جو مرکز میں برسر حکومت این ڈی اے اتحاد میں شامل ہیں، دھمکی دی ہے کہ وہ مرکزی کابینہ سے علیحدگی اختیا ر کرلیں گے ۔ مرکزی کابینہ میں تلگو دیشم کے اشوک گجپتی راجو اور وائی وی چودھری( سوجنا چودھری) شامل ہیں ۔ دوسری طرف ڈپٹی چیف منسٹر آندھر اپردیش کے وی کرشنا مورتی نے دلچسپ ریمارک کیا کہ مرکزی بجٹ2015کو دیکھتے ہوئے انہیں سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ وہ(تلگو دیشم) مرکزی حکومت کی حلیف جماعت ہے یا پھر مخالف ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد باقی رہ جانے والی ریاست آندھرا پردیش معاشی بحران کا شکار ہے ۔ ریاست کے لئے نیا صدر مقام بھی تعمیر کرنا ہے مگر بجٹ2015میں تمام باتوں کو نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ این چندرا بابو نائیڈو ریاست کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں تاہم کریزی حکومت اپنا کردار اد ا کرنے تیار نہیں ۔

Union Budget 2015: Disappointed that promises have not been fulfilled, says Chandrababu Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں