پیغمبر اسلام ؐ کی حیات طیبہ پر ہندوستان میں بھی میوزیم کی تجویز - شاہنواز حسین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-11

پیغمبر اسلام ؐ کی حیات طیبہ پر ہندوستان میں بھی میوزیم کی تجویز - شاہنواز حسین

دبئی
پی ٹی آئی
سینئر بیجے پی لیڈر شاہنواز حسین نے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ اور ان کے دور پر ہندوستان میں ایک میوزیم قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ دنیا بھر میں آبادی کے اعتبار سے ہندوستان دوسرا سب سے بڑا مسلم آبادی والا ملک ہے۔ شاہنواز حسین نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران مکہ معظمہ میں پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ اور آپ کے دور کے واقعات پر ایک نمائش ، میوزیم کا دورہ کیا اور ایک پراجکٹ’’السلام علیک ایھا النبی‘‘ کے جنرل سوپر وائزر ناصر الظہر انی کو ہندوستان میں میوزیم کی ایک شاخ کا افتتاح کرنے کی دعوت دی۔ مکہ میں موجود میوزیم کی ایک شاخ پہلے ہی سے دبئی میں موجود ہے اور دنیا بھرمیں اس کی20شاخیں کھولنے کا منصوبہ ہے ۔ سعودی گزٹ نے کل یہ اطلاع دی اور حسین کے حواہ سے کہا کہ ’’آپ نے (الظہرانی) پیغمبر اسلام ﷺ کی حیات پاک اور اس زمانہ پر اپنے ریسرچ کے ذریعہ امت مسلمہ کی عظیم خدمت انجام دی ہے ۔ میں آپ کو ہندوستان میں میوزیم کی شاخ کھولنے کی دعوت دیتاہوں ۔ انڈونیشیا کے بعد دنیا بھر میں سب سے زیادہ مسلم آبادی ہندوستان میں ہے ۔‘‘ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ شاہنواز حسین نے عازمین حج کے لئے رہائش کاسلکشن کرنے والی کمیٹی کے صدر نشین کی حیثیت سے سعودی عرب کا دورہ کیا۔الظہرانی نے جنہوں نے پیغمبر اسلام پر ضخیم انسائیکلو پیڈیا لکھا ہے کہا کہ وہ ہندوستان میں میوزیم کی برانچ کے قیام کو پسند کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی7سالہ ریسرچ کے دوران کئی ہندوستانی مسلم علماء سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ میوزیم اپنے دورہ کنندگان کے لئے ایک منفرد موقع پیش کرتا ہے کیونکہ پیغمبر اسلام ؐ کی حیات پاک اور ان کے دور پر روشنی ڈالنے کے لئے عصری ٹکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے ۔ اپنے دورہ کے دوران شاہنواز حسین نے سعودی عرب کے نائب وزیر امور حج حسین الشریف سے بھی ملاقات کی اور ہندوستانی عازمین کے کوٹہ میں اضافہ کے لئے ان سے درخواست کی ۔

BJP's Shahnawaz Hussain proposes a Prophet Muhammad museum in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں