یمن میں پھنسے ہندوستانیوں کو باہر نکالنے میں مدد کے لیے سعودی حکمراں کا تیقن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-31

یمن میں پھنسے ہندوستانیوں کو باہر نکالنے میں مدد کے لیے سعودی حکمراں کا تیقن

گڑ بڑ سے متاثرہ یمن میں چار ہزار ہندوستانیوں کی سلامتی کے بارے میں فکر مند وزیر اعظم نریندر مودی نے اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آج رات ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ سعودی عرب کے شاہ نے مودی کو ٹیلی فون کیا اور اس بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے انہیں ہندوستانیوں کو باہرنکالنے کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم نے ان افراد کے تخلیہ میں سعودی عرب کی مدد اور تعاون طلب کیا۔ سعودی عرب کے شاہ نے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور قریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے مودی کویمن میں ہندوستانیوں کی سلامتی کے بارے میں مکمل توجہ دینے اور ان کی عاجلانہ اور بحفاظت منتقلی کے لئے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔ وزیر اعظم نے یمن میں اندازاً چار ہزار ہندوستانیوں کی سلامتی و بہبود کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ دفتر وزیر اعظم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ وزیر اعظم نے شاہ سلمان کو ہندوستان کے تخلیہ کے منصوبے کے بارے میں بتایا اور ان سے یمن سے ہندوستانی شہریوں کی واپسی میں تعاون اور مدد طلب کی ۔ وزیر اعظم نے خطہ میں چیالنجس کی جلد یکسوئی اور ان کی قیادت میں امن و استحکام کی عاجلانہ بحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور شاہ سلمان سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ ہندوستان کے قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عہد کا اظہار کیا ۔ اس دوران وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایک میٹنگ منعقد کی جس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سمندر کے راستے سے پیر کی رات عدن سے کم از کم400شہریوں کومنتقل کیاجائے۔ اس دوران ایر انڈیا نے جنگ زدہ یمن میں پھنسے سینکروں ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے آج پہلی اڑان بھری۔ حکومت نے خلیجی ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال سے اپنے شہریوں کو بچانے کے لئے خصوصی مہم شروع کرنے کا کل ہی فیصلہ کیا ۔180نشستی ایر بس A-320نے آج صبح7:45بجے دہ لی سے اڑان بھری اور براہ مسقط صنعا پہونچی ۔ ہندوستانیوں کو واپس لانے فضائی مہم کا اس وقت فیصلہ کیا گیا جب صنعاء سے روزانہ تین گھنٹے کیلئے اڑانیں بھرنے کی ہندوستان کو اجازت ملی ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کل ایک بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایر انڈیا کی خدمات کے علاوہ1,500مسافرین کی گنجائش کا ایک بحری جہاز بھی روانہ کیاجائے گا۔

PM Modi talks about safety of Indians in Yemen to Saudi King

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں