نتیش کمار حکومت پر غریبوں کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کرنے کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-10

نتیش کمار حکومت پر غریبوں کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کرنے کا الزام

پٹنہ
پی ٹی آئی
سابق چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے اپنے سابق کابینی وزراء کے ساتھ آج یہاں گاندھی میدان میں دھرنا دیا ۔ ان کا یہ دھرنا نتیش کمار حکومت کی جانب سے ان کے دور میں کئے گئے فیصلوں کو کالعدم کرنے کے خلاف تھا۔ جنتادل یو کے چند باغی ارکان اسمبلی کے ساتھ مانجھی اور ان کی سابق کابینہ کے ارکان نے یہاں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے نیچے برت رکھا ۔ ان کی وزارت کے34فیصلوں کو نتیش کمار حکومت کی جانب سے منسوخ کرنے کے خلاف انہوں نے یہ احتجاج کیا۔ جتن مانجھی نے اپنے سابق رہنما پر سخت تنقید کرتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کابینہ فیصلوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ ناجائز ہے ۔ اپنے فیصلوں کی مدافعت کرتے ہوئے مانجھی نے کہا ان کی کابینہ کی جانب سے کئے گئے تمام فیصلے غریبوں کی حقیقی فلاح و بہبود کے لئے ہیں ۔ انہوں نے ان فیصلوں کے لئے فنڈس کی قلت کے دعویٰ کو مسترد کردیا اور کہا کہ دراصل نتیش کمار ترقی کے بجائے اپنے نام کے لئے پیسہ خرچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل میوزیم ، کنونشن سنٹر، قانو ساز اسمبلی کی نئی عمارت ، ارکان اسمبلی کی نئی قیامگاہوں جیسے پراجکٹس پر ہزاروں کروڑروپے خرچ کرنا ضروری نہیں ہے ۔ کیونکہ ہم سب ریاست میں غربت کے خلاف جدو جہد کررہے ہیں ۔ ان عمارتوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ مانجھی کے ساتھ برت رکھنے اور دھرنا دینے والوں میں نریندر سنگھ، برشن پٹیل، نتیش مشرا ، منچندراپرساد سنگھ ، اور مانجھی کابینہ کے دیگر وزراء شامل تھے ۔ جنتادل یو کے چند باغی ارکان اسمبلی جیسے گیانندر سنگھ گیانو، پونم دیوی، شیوا نند تیوری اور شکھونی چودھری جیسے قائدین نے بھی مانجھی کے ساتھ دھرنا دیا۔

Nitish Kumar government ignore the welfare of poor people

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں