تلگو دیشم کے دس ارکان تلنگانہ اسمبلی سے معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-10

تلگو دیشم کے دس ارکان تلنگانہ اسمبلی سے معطل

حیدرآباد
آئی اے این ایس
حزب اختلاف تلگو دیشم کے دس ارکان کو پیر کے روز تلنگانہ اسمبلی س کارروائی میں خلل ڈالنے کی پاداش میں مکمل بجٹ اجلاس سے معطل کردیا گیا ہے ۔ اسپیکر ایس مدھو سدن چاری نے وزیر امور مقننہ ٹی ہریش راؤ کی جانب سے پیش کردہ تحریک کے بعد تلگو دیشم ارکان کی معطلی کا اعلان کیا۔ بجٹ اجلاس کے دوسرے دن جیسے ہی کارروائی کا آغاز ہوا ، وزیر نے ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ7مارچ کو ایوان کے مشترکہ اجلاس سے گورنر کے خطاب کے دوران اپنے غیر جمہوری رویہ کے ذریعہ قومی ترانہ کی توہین کرنے پر معذرت خواہی کریں ۔ تلگو دیشم ارکان حکمراں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی(ٹی آر ایس) کے ارکان(جنہوں نے مبینہ طور پر گورنر کے خطا ب کے دوران اپوزیشن ارکان پر حملہ کیا تھا کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر کے پوڈیم کی جانب بڑھے ۔ شوروغل کے درمیان ہریش راؤ نے ٹی ڈی پی ارکان کو بقیہ بجٹ اجلاس سے مکمل طور پر معطل کرنے کی تحریک پیش کی جو ندائی ووٹ سے منظور کرلی گئی ۔ اصل اپوزیشن جماعت کانگریس کے سمپت کمار نے ایوان میں معذرت خواہی کی تاہم وضاحت کی کہ قومی ترانہ کی توہین جان بوجھ کر نہیں کی گئی ۔ قبل ازیں اسپیکر کی جانب سے طلب کردہ تمام جماعتوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن ارکان نے قومی ترانہ کی توہین کی انہیں معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ یہ فیصلہ ان کی جانب سے گوربر کے خطاب کا ویڈیو دیکھنے کے بعد کیا گیا ۔ واضح رہے کہ کچھ اپوزیشن ارکان نے نعرہ بازی کرتے ہوئے کارروائی میں رخنہ اندازی کی جب کہ گورنر کے خطاب سے قبل اور بعد میں قومی ترانہ بج رہا تھا ۔ وہ میزوں پر کھڑے ہوگئے ، گورنر کے خطاب کی کاپیاں پھاڑ کر ان کی جانب پھینک دیں ۔ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے کاہ کہ مکمل فوٹین دیکھاجانا چاہئے ۔ اور بلا لحاظ پارٹی وابستگی ان تمام ارکان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے جنہوں نے سرکش رویہ اختیار کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کے ارکان بھی قومی ترانہ کی توہین کرتے یا بد تمیزی کرتے وہ انہیں بھی نہیں بخشتے ۔ ٹٰ ڈی پی ارکان کی معطلی کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو مزید سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ ایوان کی بلا رکاوٹ کارروائی کو یقینی بنایاجاسکے ۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی میں رخنہ ڈالنے پر ٹی ڈی پی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم انتہائی سختی سے پیش آئیں گے۔‘‘ ٹی ڈی پی ارکان کی جانب سے ان دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہ وہ اسمبلی کی کارروائی چلنے نہیں دیں گے ، چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت بہر صورت ایوان کی کارروائی چلانے کے لئے پرعزم ہے ۔ جب اپوزیشن ارکان نے خیال ظاہر کیا کہ ٹی ڈی پی رکن کو مکمل بجٹ اجلاس تک معطل نہیں کیاجانا چاہئے تھا، ٹی آر ایس سربراہ نے کہا کہ حکومت چند دن بعد اس مسئلے پر غور کرے گی ۔ دریں اثناء ٹی ڈی پی ارکان نے اپنی معطلی کے بعد اسمبلی کے احاطہ میں احتجاج کیا۔

10 TDP MLAs suspended from Telangana Assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں