30/مارچ کولکاتا یو این آئی
بردوان دھماکہ کے چھ مہینہ بعد قومی جانچ ایجنسی این آئی اے نے آج کلکتہ کی ایک عدالت میں 21افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ہے جس میں چار بنگلہ دیشی شہری بھی شامل ہیں ۔ این آئی اے کی جانب سے جاری ریلیز کے مطابق بنگلہ دیش کی ممنوعہ جماعت المجاہدین جو بنگلہ دیش کی جمہوری حکومت کو ہٹا کر اسلامی نظام لانے کی کوشش کررہی ہے ، کے خلاف بھی چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ۔این آئی اے نے دعویٰ کیا کہ جماعت المجاہدین ہندوستان کی ریاست بنگال، آسام اور جھار کھنڈ میں اپنا نیٹ ورک پھیلارہی ہے ۔ این آئی اے کے بقول جماعت المجاہدین ہندوستان میں نوجوانوں میں شدت پسندی پھیلانے کے ساتھ انہیں دہشت گردی کی ٹریننگ بھی دے رہی ہے ۔ این آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ چندمدرسوں میں ٹریننگ کیمپ چلائے جارہے ہیں اور جانچ کے دوران کئی خفیہ ٹھکانے بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ جانچ کے دوران ایجنسی نے250گواہوں اور بنگال، آسام اور جھار کھنڈ میں100کے قریب مقامات کی چھان بین کی ۔ این آئی اے نے چارج شیٹ میں بردوان کے گھر میں بم سازی کی پوری تفصیل پیش کی ہے ۔ ملزمین کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی اہم دفعات جس میں دہشت گردی ، ملک کے خلاف سازش، دہشت گردوں کی فنڈنگ، ٹریننگ کیمپ، ہتھیاروں کی سپلائی و دیگر ایکٹ کے تحت چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ2اکتوبر2014ء کو بردوان ضلع کے کھگڑا گڑھ میں واقع ایک مکان میں دھماکہ ہونے سے دو افراد کی موت ہوگئی تھی۔ شروع میں یہ سمجھا گیا یہ دھماکہ گیس سلینڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ بعد میں جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ بم سازی کے دوران یہ دھماکہ ہوا جس میں دو افراد کی موت ہوئی ہے ۔NIA files chargesheet against 21 people in Burdwan blast case
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں