کوئلہ بلاک الاٹمنٹ کیس منموہن سنگھ کو بحیثیت ملزم سمن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-12

کوئلہ بلاک الاٹمنٹ کیس منموہن سنگھ کو بحیثیت ملزم سمن

نئی دہلی
پی ٹی آئی/آئی اے این ایس
خصوصی عدالت سی بی آئی نے کوئلہ بلاک الاٹمنٹ اسکام کیس میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ممتاز صنعت کار کمار منگلم برلا کو بحیثیت ملزمین ذریعہ سمن طلب کیا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسکام سابق وزیر اعظم کا گویا پیچھا کررہا ہے ۔ عدالت نے احساس ظاہر کیا کہ کوئلہ بلاک الاٹمنٹ میں ایک بڑی خانگی کمپنی کو’’جگہ دینے‘‘ ایک مجرمانہ سازش میں انہیں)منموہن سنگھ) کو پھندے میں لایا گیا ۔ ‘‘سمن پر’’مضطرب‘‘ منموہن سنگھ نے جو بی وی نرسمہا راؤ کے عبد کسی فوجداری کیس میں بحیثیت ملزم طلب کئے گئے ،د وسرے سابق وزیر اعظم ہیں ، اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں وہ قانون جانچ پڑتال کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ اس معاملہ کا تعلق2005ء سے ہے۔ جب وہ وزارت کوئلہ کے قلمدان کے بھی حامل تھے ۔ دریں اثناء منموہن سنگھ نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یقیناًمیں مضطرب ہوں لیکن یہ تو زندگی کا ایک حصہ ہے ۔ میں عدالتی کارروائی کااحترام کرتا ہوں ۔ میں نے سی بی آئی کے سامنے اپنا موقف واضح کردیا ہے اور ہم نے جو کچھ کیا اور کو حق بجانب قرار دینے کے لئے بھی میں نے بیانات جاری کئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ سچائی کی جیت ہوگی اور مجھے اپنے کیس کو تمام حقائق کے ساتھ پیش کرنے کا موقع ملے گا ‘‘۔ منموہن سنگھ نے مزید کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ مقدمہ کی سماعت منصفانہ طور پر ہوگی اور میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔‘‘ منموہن سنگھ نے بتایا کہ سمنس کو چیلنج کرنے کے بارے میں وہ اپنے قانونی مشیروں سے بات چیت کریں گے۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ 2012میں کوئلہ اسکام سے متعلق سی اے جی رپورٹ پر اس وقت کی منموہن سنگھ حکومت دہل کر رہ گئی تھی۔ اسکام سے سرکاری خزانہ کو نقصان کا اندازہ1.86لاکھ کروڑ روپے کیا گیا ہے ۔ صنعت کمار کمار منگلم برلا کی ہنڈالکو کمپنی کو2005میں اڈیشہ میں تلابیرا۔IIمتنازعہ بلاک الاٹ کیا گیا تھا۔ اس کمپنی کو اور اس کے2عہدیداروں شوبھیندوامیتابھ اورڈی بھٹارچاریہ ونیز سابق معتمد وزارت کوئلہ پی سی پارکھ کو بھی بحیثیت ملزمین ذریعہ سمن طلب کیا گیا ہے ۔ خصوصی عدالت سی بی آئی کے جج بھارت پراشر نے منموہن سنگھ اور دیگر5ملزمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ8اپریل کو ان کے سامنے پیش ہوں۔
قبل ازیں سی بی آئی نے برلا اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ بند کرنے کی مانگ کی تھی لیکن عدالت نے کلوژر رپورٹ کو مسترد کردیا تھا ۔ جج پراشر نے73صفحات پر مشتمل اپنے تفصیلی حکم میں کہا ہے کہ’’ بادی النظر میں یہ بات صاف ظاہر ہوتی ہے کہ متنازعہ فوجداری سازش جو ابتداً شوبھیندوامیتابھ اور ڈی بھٹا چاریہ و نیز کمار منگلم برلا ور مسرس ہنڈالکو نے رچی تھی، پی سی پارکھ کو اس پھندے میں لاتے ہوئے اس کو مزید آگے بڑھایا گیا۔ پارکھ، معتمد وزارت کوئلہ تھے اور اس کے بعد اس وقت کے وزیر کوئلہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پھندے میں لایا گیا ۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ملزمین کے افعال کی نوعیت سے بادی النظر میں یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ اگرچہ پارکھ اور سنگھ جداگانہ رولس ادا کررہے تھے۔ تلابیرا۔IIکوئلہ بلاک میں مسرس ہنڈالکو کو جگہ دلانے کسی طرح مشترکہ کوشش کی گئی تھی ۔ یہ متنازعہ سازش کا مرکزی مشترکہ مقصد تھا جو تمام متعلقہ افراد کے علم میں تھا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ اگر خاطی پائے جائیں تو ملزمین کو سزائے عمر قید تک کا سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ عدالت نے قانون تعزیرات ہند اور قانون انسداد رشوت ستانی کی مختلف دفعات کے تحت سازش مجرمانہ، عوامی خدمت گاروں ، یا بنکر ، تاجر یا ایجنٹ کی مجرمانہ اعتماد شکنی کی عدالتی نوٹ لیا ہے ۔ عدالت نے دونوں قوانین کی مختلف دفعات کے تحت سمن جاری کئے ہیں ۔ اس معاملہ میں قطعی تعمیل رپورٹ ، عدالت کے حکم پر گزشتہ19فروری کو دداخل کی گئی تھی۔ آئی اے این ایس کے بموجب عدالت نے گزشتہ16دسمبر کو سی بی آئی کی کلوژر رپورٹ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے سی بی آئی کو ہدایت دی تھی کہ سابق وزیر اعظم کا بیان ریکارڈ کیاجائے ۔ اڈیشہ میں تلا بیرا۔IIاورIIIکوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں منموہن سنگھ سے گزشتہ جنوری میں پوچھ تاچھ کی گئی تھی ۔ قبل ازیں سی بی آئی نے اپنی تحقیقات کے دوران مختلف افراد کے بیانات ریکارڈ کئے تھے اور یہ بیانات عدالت میں پیش کئے تھے ۔ برلا ور پارکھ و نیز دیگرافراد کے خلاف مقدمہ، اکتوبر2013ء میں درج کیا گیا تھا ۔ عدالت نے کلوژر رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہنڈالکو کے مفاد کے تحفظ کے لئے ساری سرکاری مشنری کو غلط طور پر استعمال کیاجارہا تھا۔

Accused No. 6 Manmohan Singh: Court summons former PM over Hindalco coal block

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں