سائیچلیس کے ساتھ اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کا استحکام - 4 معاہدوں پر ہندوستان کے دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-12

سائیچلیس کے ساتھ اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کا استحکام - 4 معاہدوں پر ہندوستان کے دستخط

وکٹوریہ
پی ٹی آئی
سائیچلیس کے ساتھ اپنی اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کو مستحکم کرتے ہوئے ہندوستان نے آج سیکوریٹی اور میری ٹائم شراکت کو جہت عطا کرنے کے لئے بحر ہند کے جزیرہ ملک کے ساتھ4معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی جو اپنے3ممالک کے پہلے مرحلہ کے ایک مختصر دورہ پر کل یہاں پہونچے ہیں ۔ سائیچلیس کے صدر جیمس ایلکس مائیکل کے ساتھ مذاکرات منعقد کئے اور کہا کہ سائچلیس ہمارے بحر ہند کے پڑوس میں ایک اہم پارٹنر ہے۔ ان کا یہ دورہ مختصر ہوسکتا ہے لیکن یہ انتہائی ثمر آور رہے گا ۔ اس میں کوئی حیرت نہیں ہے کہ سائچلیس بحر ہند کے علاقہ میں میری پہلی منزل مقصود ہے ۔ مودی نے جو گزشتہ 34برسوں میں سائیچلیس کادورہ کرنے والے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم ہیں کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے1981ء میں اس ملک کا دورہ کیا تھا۔مائیکل کے ساتھ اپنی ملاقات کے بعد صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے مودی نے اعلان کیا کہ ہندوستان اس ملک کو ایک دوسر اڈرونئیر طیارہ دے گا۔ انہوں نے ساحلی نگرانی راڈر پراجکٹ کا بھی افتتاح کیا اور اس کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی ایک اور علامت قرار دیا ۔ ہماری سیکوریٹی پارٹنر شپ مضبوط ہے ۔ اس نے ہم کو علاقہ میں جدید میری ٹائم سیکوریٹی کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کی تکمیل کا اہل بنایا ہے۔ اس ملک کو ایک بھروسہ مند دوست اور اسٹراٹیجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی سیکوریٹی صلاحیتوں کو ترقی دینے میں سائیچلیس کا ایک شراکت دار ہونا ہمارے لئے ایک اعزاز ہے ۔ مودی نے مزید کہا کہ یہ اقدامات سائیچلیس کو ان خوبصورت جزائر کے تحفظ کا اہل بنائیں گے اور انہوں نے کہاکہ سائیچلیس بھی بحر ہند کے علاقہ کے تحفظ اور سلامتی میں ایک گرانقدر رول کو جاری رکھے گا۔ مودی اور مائیکل نے چار معاہدوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا جن میں ہائیڈرو گرافی، قابل تجدید توانائی ، انفراسٹرکچر ترقی اور نیوی گیشن چارٹس اور الیکٹرانک نیوی گیشنل چارٹس کی فروخت شامل ہے ۔ ہائیڈو گرافک سروے پر آج ہمارا معاہدہ ہمارے میری ٹائم تعاون کو ایک نیارخ دے گا ۔ میں ہندوستان پر اس کے بھروسے کے لئے سائیچلیس کا مشکور ہوں ۔ مودی نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سائیچلیس جلد ہی ہندوستان ،مالدیپ اور سری لنکا کے درمیان میری ٹائم سیکوریٹی تعاون میں ایک بھرپور شراکت دار ہوگا۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان سائیچلیس کے شہریوں کو3مہینوں کے لئے مفت ویزا منظور کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو آمد پر ویزا کی سہولت بھی دیں گے ۔ یو این آئی کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سائیچلیس میں ایک ساحلی جاسوسی راڈر سسٹم کا افتتاح کیا جو ہندوستان کی مدد سے قائم کی اگیا ہے۔ اس نظام کو کارکرد بنانا دونوں ملکوں کے درمیان میری ٹائم سیکوریٹی تعاون میں ایک اہم قدم ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے اس نظام کو کام کاج سیکھنے میں گہری دلچسپی دکھائی اور اس کے تعلق سے کوسٹ گارڈ سے استفسار بھی کیا ۔ وزیر اعظم بحر ہند کے تین ممالک کے اپنے5دورے کے حصہ کے طور پر سائچلیس کا دورہ کررہے ہیں وہ ماریشس اور سری لنکا کو بھی جائیں گے ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی درجہ حرارت پر چھوٹے جزیرہ ممالک کی تشویش کا معاملہ بھی اٹھایا جو ان کے لئے پیداہونے والا ایک خطرہ ہے ۔ مودی کی تقریر کے دوران ہجوم نے زبردست تالیاں بجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ سائیچلیس کے عوام کو ہندوستان کو آنا چاہئے اور ہندوستانیوں کو سائیچلیس جانا چاہئے تاکہ باہمی سوجھ بوجھ ایک دوسرے کی ترقی میں شراکت میں اضافہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان موسم کی تبدیلی کے خلاف لڑائی میں حصہ لینے اس کی ذمہ داری سے بھرپور واقف ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ قابل تجدید توانائی کو فروغ دے رہے ہیں اور کاربن کے اخراج میں تخفیف کے لئے ریلویز جیسے بڑے ٹرانسپورٹ ذریعہ کو اہمیت دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سائیچلیس کے درمیان سمندر در حقیقت انہیں علیحدہ نہیں کررہاہے بلکہ انہیں جوڑنے کا ایک ذریعہ بن رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر کے دوران میک ان انڈیا جیسے ان کی حکومت کے مختلف اقدامات پر بھی بات چیت کی جو دنیا بھر کے عوام کو وافر مواقع فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے عوام کے رابطہ میں اضافہ کے لئے سیاحت کو فروغ دینے کے بھی خواہاں ہیں۔

Modi Inks 4 Pacts with Seychelles for Strengthen Strategic Partnership and Boosting Maritime Security

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں