چپ مینوفیکچرنگ اور ڈیزائننگ - حکومت کی 10 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-28

چپ مینوفیکچرنگ اور ڈیزائننگ - حکومت کی 10 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری

نئی دہلی
یو این آئی
بڑھتی گھریلو مانگ کو پورا کرنے اور اگلے چند برسوں میں درآمدات میں کمی کرنے کے لئے ہندوستان میں چپ مینو فیکچرنگ اور ڈیزائننگ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیاجائے گا ۔ نئی دہلی میں الیکٹرونکس اینڈ کمپیوٹر سافٹ ویئر ایکسپورٹ پروموشن کونسل(ای ایس سی) کے اہتمام کردہ پہلے انڈین الکٹرانکس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے حکومت ہند کے محکمہ برائے الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے سکریٹری آرایس شرما نے انکشاف کیا کہ گجرات اور یو پی میں قائم کئے جانے والے چپ مینو فیکچرنگ اداروں میں حکومت دس بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہاں مینو فیکچرنگ کی کئی کمپنیاں اپنے پروڈکشن بیس کے قیام کے لئے آچکی ہیں۔ اسی طرح ہندوستان مائیکرو پروسیسر کا ہندوستانی ورژن تیار کرنے میں400ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماحولیاتی نظام قائم کرنے سے متعلق جاری اقدامات کا یہ حصہ ہیں ۔ ملک میں الیکٹرانک اشیاء کی پیداوار میں ہندوستان کو جوفوائد حاصل ہیں ان کا تذکرہ کرتے ہوئے آر ایس شرما نے کہا کہ کم لاگت کی ٹکنالوجیز دیگر کئی ملکوں کے لئے مناسب ہیں اور یہ ترقی کے اسی معیار پر ہیں۔ سکریٹری نے کہا کہ ہندوستان نے الیکٹرانکس اشیاء میں سرمایہ کاری کے لئے ایک مرکز فراہم کیا ہے اور خصوصی طور پر اس کی وجہ بڑھتی ہوئی گھریلو مارکیٹ ہے اور بنیادی ڈھانچہ لاجسٹکس اور مالی امداد سرمایہ کاروں کو فراہم کی جارہی ہے ۔ خواہ ان سرمایہ کاروں کا تعلق ہندوستان سے ہو یا بیرون ملک سے ۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ دنیا بھر میں الیکٹرانک اشیا تیار کرنے می چین بڑا ملک ہے ۔ حال ہی میں حکومت کے شروع کردہ میک ان انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا پروگرام سے ملک میں الیکٹرانک اشیاء کی پیداوار میں دلچسپی سے ہندوستان کو بایں طور مدد مل سکتی ہے کہ وہ2020تک الیکٹرانک اشیا کی صفر درآمدگی کے اپنے ہدف کو حاصل کرلے ۔ ای ایس سی کے چیئرمین مسٹر ونود شرما نے کہا کہ ہندوستان کے الیکٹرانک ہارڈ ویئر پروڈکشن میں کم از کم دس گنااضافہ ہونا چاہئے تاکہ وہ بڑھتی مانگ کو پورا کرسکے اور جس سے وہ وزیر اعظم کی سوچ کے مطابق2020تک صفر درآمدگی کے اپنے نشانے کو حاصل کرلے ۔

Government to Invest 10 Billion US $ in the Chip Manufacturing Facilities Coming up in Gujarat and Uttar Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں