بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی مدد کا تیقن - ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-20

بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی مدد کا تیقن - ارون جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سیاسی جماعتوں نے آج پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر شمالی اور مغربی ہند کے کسانوں کے لئے فوری مالی امداد اور راحت بشمول قرضوں کی معافی کا مطالہ کیا ، جن کی فصلیں غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے تباہ ہوگئی ہیں ۔ اپوزیشن کانگریس ، بی ایس پی، جنتا دل یو اور سی پی آئی ائم نے مطالبہ کیا کہ مرکز کو فوری مالی امداد کا اعلان، فصلوں کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ کرنا چاہئے اور متاثرہ کسانوں کے قرضوں پر سود معاف کرناچاہئے ۔ راجیہ سبھا کے کئی ارکان نے غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں کو ہونے والے نقصان کا مسئلہ اٹھانے قاعدہ نمبر267کے ساتھ معمول کی کارروائی کو معطل کرنے کی نوٹس دی ۔ نائب صدر نشین پی جے کورین نے کہا کہ اس مسئلہ پر مباحث کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حکومت اس کا جواب دے گی ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے جموں و کشمیر ہماچل پردیش، راجستھان ، بہار، اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب اور گجرات اورمہاراشٹرا میں فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ انہوں نے نقصان کے مناسب تخمینہ اور کرپشن سے پاک و منصفانہ انداز میں معاوضہ کی تقسیم کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کسانوں کی ضروریات کی تکمیل کے لئے جلد از جلد مالیاتی پیکیج کے اعلان کا بھی مطالبہ کیا ۔ کے سی تیاگی (جنتادل یو) نے کہا کہ22ہزار کروڑ روپے کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں لیکن انشورنس کمپنیاں ایک ہزار کروڑ سے زیادہ کا تخمینہ کرنے تیار نہیں ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق حکومت نے آج وعدہ کیا کہ وہ شمالی اور مغربی ہندوستان میں غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے متاثر کسانوں کی مدد کے لئے تمام انتظامی و راحت اقدامات کرے گی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اس مسئلہ پر ارکان کے متفقہ مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ، ہمدردی کے ساتھ اور اس معاملہ کی فنی تفصیلات میں گئے بغیر کام کرے گی ۔ انہوں نے ایوان کو مطلع کیا کہ وزیر زراعت نے نقصانات کا تخمینہ کرنے ہرریاست کے لئے علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ تینوں وزراء نے آج سے متاثرہ ریاستوں کا دورہ شروع کردیا ہے ۔ سابق وزیر زراعت شرد پوار نے قبل ازیں خشک سالی ، غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں خو ہونے والے نقصان پر تفصیلی بیان دیا اور مرکز سے کہا وہ زیادہ سے زیادہ مدد کرے اور مختصر مدتی قرضہ جات بالخصوص فضل کے لئے دیاجانے والا قرض معاف کرے ۔ زرعی آلات کی خریدی کے لئے دیے جانے والے قرض پر سود بھی معاف کیاجائے ۔ سرکاری اور اپوزیشن دونوں بنچوں کے ارکان نے شرد پوار کے خیالات کی توثیق کرتے ہوئے میزیں تھپتھپائیں ۔ شرد پوار نے کپاس اور نیشکر کی قیمت خرید میں کمی پر بھی تشویش ظاہر کی ۔ بی جے پی کے وجئے گوئل نے کہا کہ چوں کہ تمام ارکان پارلیمنٹ نے کسانوں کی حالت پر تشویش ظاہر کی ہے ، انہیں اس چیلنج سے نمٹنے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ دینا چاہئے ، جیسا کہ راجستھان کے ارکان اسمبلی نے کیا ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ حکومت بحران کی اس گھڑی میں کسانوں سے پوری ہمدردی رکھتی ہے اور مرکز ہر ممکن اقدام کرے گا۔

Govt assures relief for farmers hit by rain, hailstorms

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں