مسلم پرسنل لا بورڈ عاملہ کا اجلاس - امت مسلمہ کو درپیش چیلنجس پر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-20

مسلم پرسنل لا بورڈ عاملہ کا اجلاس - امت مسلمہ کو درپیش چیلنجس پر غور

جئے پور
پی ٹی آئی
کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ کی24ویں قومی عاملہ کا اجلاس جمعہ کو جئے پور میں شروع ہوگا جس میں مسلم پرسنل لاء کو در پیش مسائل اور چیالنجس کے بارے میں غور کیاجائے گا ۔ اس اجلاس میں ہندو تنظیموں کے حالیہ گھر واپسی پروگرام اور اسکولوں میں سوریہ نمسکار کو لازمی قرار دینے کے حکومت راجستھان کے فیصلے پر بھی بات چیت کی جائے گی ۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ایک سینئر نمائندے نے آج بتایا کہ دیگر موضوعات مثلاً حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے بیف پر پابندی کے بارے میں بھی مندوبین غوروخوض کریں گے ۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری محمد عبدالرحیم قریشی نے حیدرآباد سے پی ٹی آئی کو بتایا کہ گھر واپسی پروگرام کے بشمول کئی موضوعات پر اجلاس میں غور ہوگا ۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں سوریہ نمسکار کو لازمی قرار دینے سے متعلق حکومت راجستھان کی ہدایت بھی ایجنڈہ میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس عاملہ میں ان مرکزی قوانین کے بارے میں بھی بات چیت ہوگی جنہیں منسوخ کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ اجلاس جمعہ کو جامعۃ الہدایہ میں شروع ہوگا جو21مارچ تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد22مارچ کو شام ایک جلسہ عام منعقد ہوگا ۔ امکان ہے کہ اس زبردست جلسہ عام میں اندازاً ایک لاکھ افرا د شرکت کریں گے ۔ یہ جلسہ عام کربلا میدان پر ہوگا۔ عبدالرحیم قریشی نے بتایا کہ بورڈ کے کوآرڈینیٹرس اس میٹنگ میں اپنی رپورٹس پیش کریں گے جس پر سشنس کے دوران غور ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بیف بیان کا مسئلہ اٹھاتا ہے تو اس پر غور ہوگا ، لیکن اس معاملہ سے متعلق معاشی پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بیف پر پابندی کا فیصلہ پرسنل لاء سے متعلق نہیں ہے ۔ لیکن ایسے مالیاتی پہلو ہیں جن پر میٹنگ میں غور کیاجائے گا ۔ انتظامی کمیٹی کے صدر نشین اور جامعۃ الہدایہ جئے پور کے صدر نشین مولانا فضل الرحیم نے کہا کہ پوری ریاست کے مسلمانوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس جلسہ عام میں شرکت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے مختلف قصبوں ، سڑکوں اور مساجد میں میٹنگیں منعقد کی جارہی ہیں تاکہ اس پروگرام کے بارے میں بیداری پیدا کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے مسلم اسکالرس اس پروگرام میں شرکت کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں