28/مارچ حیدرآباد یو این آئی
صارفین کو بہترسے بہتر خدمات کی فراہمی اور قیمتی برقی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو ، پوری سرکاری مشنری کو شامل کرتے ہوئے برقی کی بچت اور برقی کے تحفظ کے پروگراموں پر کامیاب عمل آوری کے خواہاں ہیں تاکہ ریاست کو بالعموم اور مختلف شعبہ ہائے حیات کو بالخصوص اس کا فائدہ پہنچایاجاسکے ۔ چیف منسٹر کے مقاصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسٹیٹ انرجی کنزرویشن مشن ایک انٹی گریٹیڈ طریقہ کار اختیار کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ برقی کی بچت اور برقی کے تحفظ کے پروگراموں اور منصوبوں پر جامع عمل آوری کو یقینی بنایاجاسکے ۔ اس مشن میں تمام اہم محکموں کو شامل کیاجائے گا اور مقررہ نشانوں کے حصول کے لئے مرتب کردہ منصوبوں پر عمل آوری کی راہیں ہموار کی جائیں گی ۔ اس طرح نا صرف مالی خسارہ پر قابو پایاجاسکے گا بلکہ صارفین کے برقی بلز میں بھی کمی آئے گی ۔ چیف سکریٹری آندھرا پردیش ڈاکٹر آئی وائی آر کرشنا راؤ نے یہ بات بتائی ۔ اس پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر ریاستی حکومت ، توانائی کے تحفظ کے پروگراموں پر عمل آوری کے لئے سخت اقدامات پرغور کررہی ہے ۔ چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ کی قیادت میں30مار چ کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا جس میں اسٹیٹ انرجی کنزرویشن مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اہم امور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا ۔ اس مشن میں مختلف محکموں جیسے توانائی ، بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات ، زراعت، صنعت انفارمیشن ٹکنالوجی ، پنچایت راج، اسکولی تعلیم اور دیگر کو شامل کیاجارہا ہے ۔ ایک موزوں ایکشن پلان کے ذریعہ مقاصد کے حصول کے لئے اقدامات پر غور کیاجائے گا ۔ اسٹیٹ انرجی کنزرویشن مشن کے جنرل باڈی اجلاس میں چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ، اس مشن کو آگے بڑھانے کے لئے مختلف امور پر پہلے ہی سکریٹری توانائی اجئے جین اور اے پی جینکو کے منیجنگ ڈائرکٹر کے وجیا نندسے تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ ان کا کہناہے کہ برقی کا معاشی استحصال24گھنٹے سربراہی کی اسکیم پر موثر عمل آوری میں اہم رول ادا کرتا ہے ۔ اس طرح برقی شعبہ کی برقراری اسی نکتہ پر منحصر ہوگی۔Government of Andhra power saving measures
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں