تلنگانہ کو برقی بحران سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش - مرکزی وزیر مملکت پرکاش جاؤدیکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-16

تلنگانہ کو برقی بحران سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش - مرکزی وزیر مملکت پرکاش جاؤدیکر

حیدرآباد
یو این آئی
مرکزی وزیر مملکت برائے ماحولیات وجنگلات پرکاش جاؤدیکر نے آج کہا کہ مرکز تلنگانہ کو برقی قلت کے مسئلہ سے نکالنے ہر ممکن کوشش کرے گا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ میں ضلع نلگنڈہ میں4000میگا واٹ پراجکٹ قائم کرنے کی منظوری کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ بہت جلد اس کا اعلان کیاجائے گا۔ یہ کہتے ہوئے کہ دونوں تلگو ریاستیں مرکز کے لئے مساوی حیثیت رکھتی ہیں انہوں نے بتایا کہ نریندر مودی حکومت دونوں ریاستوں کی ترقی کی کوشش کررہی ہے ۔ مرکز سنگارینی پراجکٹ کو بھی فروغ دینے کی کوشش کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز دونوں ریاستوں کی تیز رفتار ترقی کے لئے ضروری فنڈس مہیا کرے گا۔پی ٹی آئی کے بموجب مرکزی وزیر پرکاش جاؤدیکر نے آج الزام لگایا کہ کانگریس ہائی کمان نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو کول بلاکس کے ہراج کی اجازت نہیں دی اور وہ اب اس پارٹی کے گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں ۔ جاؤدیکر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ منموہن سنگھ نے خود کو دشواریوں میں مبتلا کرلیا کیونکہ کانگریس کے معاملات شفاف نہیں تھے ۔ مجھے بعض وقت منموہن سنگھ پر ترس آتا ہے کیونکہ وہ کوئلہ کی کانکنی کے لئے ہراج کا طریقہ کار چاہتے تھے مگر وہ یہ کہنے کی ہمت نہیں رکھتے تھے ۔ منموہن سنگھ کو کوئلہ الاٹمنٹ کے کیس میں خصوصی سی بی آئی کورت کے سمن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات بتائی ۔ کانگریس پارٹی اور ہائی کمان کے زیر اثر منموہن سنگھ نے ہراج کے طریقہ کار کو نہیں اپنایا ۔ لہذا اب وہ کانگریس کے گناہوں کی سزا خود بھگت رہے ہیں۔ سینئر بی جے پی قائد نے کہا کہ کانگریس کے سفارش مکتوبات پر کوئلہ الاٹمنٹ کیا جارہا تھا ۔ یہ بھی نہیں کہا جاسکتا کہ منموہن سنگھ پوری طرح جرم میں ملوث نہیں ہیں ۔ آپ اقتدار میں تھے مگر آپ نے اختیارات کا استعمال نہیں کیا ۔ یہ بھی جرم ہے انہیں اپنے اختیارات کا استعمال کرنا چاہئے تھا۔ جاؤدیکر نے سابق مرکزی وزیر کپل سبل سے بھی معذرت خواہی کا مطالبہ کیا جنہوں نے کہا کہ سابق کمپیٹرولراینڈ آڈیٹر جنرل ونود رائے کی رپورٹ کو بوگس اور غلط قرار دیا ۔ کپل سبل نے کہا تھا کہ سی اے جی بڑھا چڑھا کر ظاہر کی گئی ہے ۔ ٹیلی کام اسپکٹرم کے1.76لاکھ کروڑ اور کوئلہ بلاک کے لئے1.86لاکھ کروڑ کے اعداد و شمار بوگس ہیں ۔ اتنا نقصان نہیں ہوسکتا ۔ نقصان دراصل صفر ہے ۔ جاؤدیکر نے بتایا کہ32کوئلہ کے بلاکس کے ہراج سے دو لاکھ کروڑ مالیہ حاصل ہوا ہے اس طرح جب200کوئلہ بلاکس کا ہراج مکمل ہوگا تو اس سے7تا10لاکھ کروڑ کا تخمینی مالیہ حاصل ہوسکتا ہے ۔ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ نقصان صفر ہے ، انہیں ملک سے معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ جاؤدیکر نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے شفاف میکانزم کے ذریعہ ریاستوں کو ہزارہا کروڑ روپے حاصل ہورہے ہیں ، اس میں سے مرکز ایک پیسہ بھی حاصل نہیں کررہا ہے ۔

Efforts being to made to enable TS tide over power crisis: Javadekar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں