کولکتہ میں ترنمول ایم پی تاپس پا ل کے مکان پر دھاوے - سی بی آئی کا اقدام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-05

کولکتہ میں ترنمول ایم پی تاپس پا ل کے مکان پر دھاوے - سی بی آئی کا اقدام

کولکتہ
یو این آئی
سی بی آئی نے آج اداکار سے سیاستداں بنے ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ قاپس پال کی قیام گاہ واقعہ کولکتہ اور روزویالی گروپ کے43مقامات پر دھاوے کئے ۔ تاپس پال مارکٹ سے زبردست رقومات اکٹھا کرلینے کا الزام ہے ۔ سی بی آئی دفتر (واقع سی جی اوکامپلکس) پر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تاپس پال کی قیام گاہ (گولف گرین ، جنوبی کولکتہ) پر دھاوے کئے گئے۔ اس سے قبل روز ویالی کے باس گوتم کنڈو کے مکان واقع ہائی لینڈ پارک کی تلاشی پر تحقیقاتی عہدیداروں کو بعض دستاویزات دستیاب ہوئے تھے ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی( سی بی آئی) کو بعض دستاویزات ملے ہیں کہ دو میعاد کے رکن لوک سبھا(تاپس پال) اور ان کی اہلیہ، روزویالی گروپ سے ربط ضبط رکھتے ہیں ۔ پال کی قیامگاہ پر دھاوے کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ پونزی فرموں سے اس جوڑے کا حقیقتاً کیا معاہدہ ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک میں 43مقامات پر تلاشیاں جاری ہیں ۔ ان میں سے27مقامات، مغربی بنگال میں ہیں ۔ تریپورہ ، اڈیشہ، آسام ، دہلی، یوپی، مہاراشٹرا، بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ اور ٹاملناڈو میں بھی تلاشیاں جاری ہیں ۔ آج کے دھاوے چٹ، فنڈ کی رقومات کا پتہ لگانے کے لئے تھے۔ شاردا گروپ چٹ فنڈ اسکام کے بعد یہ سی بی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی ایک بڑی کارروائی ہے ۔ سی بی آئی کے تقریباً200عہدیدار، روز ویالی گروپ پر بیک وقت دھاوے کرتے آرہے ہیں ۔ اس گروپ پر الزام ہے کہ اس نے مالیاتی قواعد نافذ کرنے والے مختلف اداروں بشمول ریزروبنک آف انڈیا( آر بی آئی) اور سیکوریٹیز ایکسچینج بورڈ آف انڈیا( سیبی) کی طرف سے امتناع کے باوجود ہزاروں کروڑ روپے رقم اکٹھا کی ۔ سی بی آئی عہدیداروں نے بتایا کہ شہر کولکتہ میں8تا9مقامات پر دھاوے کئے گئے ۔ علاوہ ازیں مرشدآباد ، بردوان ، جنوبی چوبیس پرگنہ، شمالی چوبیس پرگنہ ، مالدہ اور مدنا پور میں آج صبح سے دھاوے کئے گئے۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ سال گزشتہ انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ( ای ڈی) نے بھی روزویالی گروپ کے دفاتر پر دھاوے کئے تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ مذکورہ گروپ نے مغربی بنگال، آسام، تریپور اور اڈیشہ کے لوگوں سے ہزاروں کروڑوں روپے اکٹھا کرلئے تھے۔ آخری اطلاعات آنے تک دھاوے جاری تھے ۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ سیبی نے مغربی بنگال میں قائم دو کمپنیوں روزویالی رئیل اسٹیٹ اینڈ کنسٹرکشن اور ایم پیز گرینری ڈیولپرس لمٹیڈ کے خلاف اشتہارات جاری کئے تھے اور مارکٹ سے رقومات اکٹھا نہ کرنے کے لئے خبر دار کیاتھا۔

CBI raids Trinamool MP Tapas Paul's home

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں