مدن موہن مالویہ کو بعد از مرگ بھارت رتن ایوارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-31

مدن موہن مالویہ کو بعد از مرگ بھارت رتن ایوارڈ

Pandit-Madan-Mohan-Malviya
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج آنجہانی مدن موہن مالویہ کو بھارت رتن ایوارڈ عطا کیا جب کہ49 شخصیتوں بشمول سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی کو پدما ایوارڈ دیا گیا ۔ راشٹر پتی بھون میں منعقدہ تقریب میں پنڈت مالویہ کے ایک رکن خاندان نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ۔ پی ٹی آئی کے بموجب صدر جمہوریہ پرنبمکرجی نے آج ممتاز ماہر تعلیم و مجاہد آزادی مدن موہن مالویہ کو بعد از مرگ ملک کا اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ بھارت رتن عطا کیا ۔ راشٹر پتی بھون میں ایک رنگا رنگ تقریب میں دیگر کئی ممتاز شخصیتیں بشمول سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی چیف منسٹر پنجاب و شرومنی اکالی دل قائد پرکاش سنگھ بادل کو بھی پدما ایوارڈس سے نوازا گیا ۔ راشٹر پتی بھون کے تاریخی دربار ہال میں منعقد روایتی تقریب میں مالویہ کے ارکان خاندان نے پرنب مکرجی سے بھارت رتن حاصل کیا ۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور وزیر فینانس ارون جیٹلی کے علاوہ دیگر سینئر کابینی وزراء بھی موجود تھے ۔ پدما و بھوشن پانے والوں میں جو دوسرا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ہے اڈوانی اور بادل شامل ہیں ۔ جب کہ وکیل ہریش سالوے اور صحافیوں سوپن داس گپتا اور رجت شرما کو پدما بھوشن عطا کیا گیا۔ پدما شری پانے والی ممتاز شخصیتوں میں فلم ڈائرکٹر سنجے لیلا بھنسالی، ادیب و گیت کار پرسون جوشی ، فزیشین ڈاکٹر رندیپ گولیریا ، مشہور کارٹون کردار ’’چاچا چودھری‘‘ کے تخلیق کار ان کمار شرما(بعد ا زمرگ)بیاڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو، ہاکی کھلاڑی سردار سنگھ اور ایوریسٹ کی چوٹی سر کرنے والی معذور لڑکی ارونیما سنہا شامل ہیں ۔ صدر جمہوریہ نے گزشتہ ہفتہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو ان کی قیامگاہ پہنچ کر بھارت رتن ایوارڈ عطا کیا تھا۔ مالویہ ایک دور اندیش ماہر تعلیم تھے اور انہوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا تھا ۔ 25دسمبر1861ء کو پیدا ہونے والے مالویہ نے1886میں کولکتہ میں منعقدہ دوسرے کانگریس سیشن میں متاثر کن تقریر کی تھی جس کے فوری بعد انہوں نے سیاسی میدان میں قدمرکھا تھا۔ وہ1909ء تا1918ء انڈیشن نیشنل کانگریس کے صدر رہے۔ تحریک آزادی میں مالویہ کے نمایاں رول اور ہندو قوم پرستی کے کاز کی حمایت کے لئے مالویہ کو یاد کیاجاتا ہے ۔ وہ ہندو مہا سبھا کے قائد بھی رہے ۔

Pandit Madan Mohan Malviya posthumously receives Bharat Ratna Award

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں