آزاد ہند فوج - مذہبی غیر جانبداری اور قومی اتحاد کی علامت تھی - پروفیسر عرفان حبیب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-08

آزاد ہند فوج - مذہبی غیر جانبداری اور قومی اتحاد کی علامت تھی - پروفیسر عرفان حبیب

نئی دہلی
ایس این بی
آزاد ہند فوج کا قیام ذات برادری اور مذہب سے اوپر اوٹھ کر کیا گیا تھا اور اس کا مقصد ایک متحدہ ہندوستان تھا جس کے لئے اس فوج کا ہر سپاہی اپنا سب کچھ نچھاور کرنے کو تیار تھا ۔ ہندو۔ مسلم اور سکھوں کی یہ فوج ایسے وقت میں قائم ہوئی تھی جب بعض قوتیں ملک کو تقسیم کرنے کے درپے تھیں۔ آزاد ہند فوج کی شکل میں ایک ایسا ماڈل پیش کیا گیا تھا جو کانگریس سے یکسر مختلف تھا ۔ ان خیالا ت کا اظہار آج معروف معرخ پروفیسر عرفان حبیب نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں پہلے’’کیپٹن عباس علی میموریل‘‘ لیکچر کے دوران کیا۔ پروفیسر عرفان حبیب نے کہا کہ ہندوستانیوں کو پہلے نیتا جی سبھاش چندر بوس کی استھیوں کو پورے احترام کے ساتھ جاپان سے ہندوستان لانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عظیم مجاہد آزادی کی موت کو تنازع کا ایشو بنانا درست نہیں ہے اور یہ انہیں صحیح خراج عقیدت دینا نہیں ہے ۔ عرفا ن حبیب نے کہا کہ آزاد ہند فوج میں نیتاجی کے دست راست حبیب الرحمن اور جاپانی ڈاکٹروں کے ثبونوں کو ہی تسلیم کیاجانا چاہئے ۔ پروفیسر حبیب نے آزاد ہند فوج کی تاریخ اور اس کے قیام کے حالات پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جن مذہبی غیر جانبداراقدار کے تحفظ کے لئے اس فوج کا قیام ہوا تھا ان کو محفوظ رکھنا چاہئے۔ نیتا جی کے علاوہ کیپٹن موہن سنگھ ، محمداکرم، گیانی پرتیم سنگھ اور راس بہاری بوس نے ان اقدار کو اپنایا تھا ۔ اس خصوصی لیکچر کی صدارت کررہے آئی آئی سی سی کے نائب صد ر صفدر ایچ خان نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کو آزاد کرانے کے لئے اپنا سب کچھ نچھاور کردیا ان کو یاد کرتے رہنا چاہئے۔

Azad Hind Fauj was a sign of religious neutrality and national integrity, Prof Irfan Habib

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں