اسدالدین اویسی کے جلسہ کے خلاف شیو سینا کی دھمکی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-02

اسدالدین اویسی کے جلسہ کے خلاف شیو سینا کی دھمکی

پونے
یو این آئی
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی شہر پونے میں آئندہ ہفتہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میں وہ مسلمانوں کے لئے تحفظات کی پرزور وکالت کریں گے ۔ اسی دوران شیو سینا نے جلسہ رکوانے کی کوشش کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ وہ صدر مجلس کی جانب سے کسی بھی قسم کی مخالف ہندو ریمارک کو برداشت نہیں کریں گی۔ جلسہ کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ یہ جلسہ غیر سیاسی ہے لیکن شیو سینا کا ایک وفد فوری طور پر کمشنر پولس ستیش ماتھر کے پاس پہنچ گیا اور ان سے کہا کہ وہ کوئی بھی مخالف ہندو ریمارک برداشت نہیں کریں گے ۔ سینا نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ کوئی کارروائی کرے یا اویسی کی جانب سے کسی قسم کے مخالف ہندو تبصرہ کی صورت میں ان کی پارٹی(شیو سینا) مسلم تحفظات پر اس جلسہ کو منعقد ہونے نہیں دے گی۔ جلسہ کے منتظمین میں سے ایک انجم انعامدار نے کہاکہ4فروری کو گولی بار میدان میں مسلم تحفظات کے مطالبہ پر منعقدہ جلسہ سے بیرسٹر اویسی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر سیاسی جلسہ ہے ۔ یہ جلسہ مہاراشٹرا ایکشن کمیٹی اور ملنی واسی مسلم منچ کی جانب سے منعقد کیاجارہا ہے جس میں مسلمانوں کے علاوہ دیگر طبقات کے افراد کی شرکت بھی متوقع ہے ۔
جسٹس بی جے کولسے پاٹل اہم مقررین میں سے ایک ہیں ۔ منتظمین نے عام آدمی پارٹی ، ریپبلک یوامورچہ اورچھایا یوا سنگھٹن کو بھی مدعو کیا ہے ۔ شیو سیناکے موقف پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انعامدار نے کہا کہ منتظمین اس پروگرام کے ذریعہ فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کے لئے تحفظات کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور دیگر محکموں سے پروگرام کے لئے درکار اجازت طلب کی گئی ہے ۔ بہت جلد درخواست منظور ہونے کی امید ہے ۔ شیو سیناکے حال ہی میں مقرر کردہ یونٹ صدرونایک نمہان کی قیادت میں ایک وفد پولیس کمشنر کو آج ایک مکتوب کیا ہے ۔ نمہان نے کہا اویسی کوئی ایسی بات کہہ سکتے ہیں جس سے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے چنانچہ ہم نے پولیس سے مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اگرا ویسی نے کوئی مخالف ہندو ریمارکس کئے تو ہم اسے برداشت نہیں کریں گے ۔ شیو سینا جلسہ رکوادے گی اور اس کے لئے منتظمین اور مقررین ذمہ دار ہوں گے ۔‘‘ شیو سینا کی مداخلت سے پیدا شدہ صورتحال پر جوائنٹ کمشنر پولیس سنجے کمار نے کہا کہ جلسہ کے دوران شہر میں نظم و ضبط برقرا رکھنے پولیس کی جانب سے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

Ahead of Owaisi visit, Shiv Sena says won’t tolerate any anti-Hindu comment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں