اقوام متحدہ کے قاصد کی جنگ بندی مذاکرات کے لئے دمشق آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-28

اقوام متحدہ کے قاصد کی جنگ بندی مذاکرات کے لئے دمشق آمد

دمشق
اے ایف پی
شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی قاصد اسٹیفن ڈی مسٹورا دمشق حکومت کے ساتھ حلب میں فائر بندی پر مذاکرات کریں گے ۔ مسٹورا نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ شامی حکومت حلب پر اپنے فضائی حملے اور گولہ باری 6ہفتوں کے لئے بند کرنے کو تیار ہے تاکہ شہر میں فائر بندی کے عبوری معاہدہ کی راہ ہموار ہوسکے ۔ دوسری جانب حکومت مخالف شامی جماعتوں اور بشار الاسد کے خلاف بر سر پیکار انقلابیوں کے اتحاد کے نمائندے خالد خوجہ نے عالمی ادارہ کے خصوصی قاصد سے چہار شنبہ کے روز ملاقات میں اس بات پر زور دیا تھا کہ فائر بندی کا مقصد ہلاکتیں اور گولہ باری روکنا ہونا چاہئے ۔ نیز جنیوا ٹو کانفرنس میں طے پانے امور پر عمل درآمد بھی فائر بندی کے اہداف میں شامل ہونا چاہئے ۔ خالد خوجہ کا کہنا تھا کہ شامی بحران کے لئے علاقائی یا عالمی سطح پر ہونے والے کوئی بھی کوشش اگر جنیوا مذاکرات میں طے پانے والے فریم ورک کو نظر انداز کر کے کی جائے گی تو اس کی کامیابی کی ضمانت نہیں دی جاسکتی ۔ ان کا اشارہ قاہرہ اور ماسکو میں ہونے والی حالیہ دو ملاقاتوں کی جانب تھا جس میں شامی اپوزیشن نے بشار الاسد کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی۔ یاد رہے کہ ڈی مسٹورا نے گزشتہ برس30اکتوبر کو شامی بحران کو حل کے سلسلے میں حلب شہر میں فائر بندی کا ایک منصوبہ پیش کیا تھا ۔ تاکہ علاقے میں امداد پہنچانے سمیت مذاکرات کی راہ ہموار کی جاسکے ۔

UN special envoy in Syria to seek Aleppo truce

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں