صدر سری لنکا کی پہلے غیر ملکی دورے پر ہندوستان آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-16

صدر سری لنکا کی پہلے غیر ملکی دورے پر ہندوستان آمد

نئی دہلی
یو این آئی
سری لنکا کے نئے صدر میتری پالا سری سینا ہندوستان کے چار روز ہ دورے پر آج شام نئی دہلی پہنچے ۔ سری لنکا کے نو منتخب صدر کا بر سر اقتدار آنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔ سری سینا نے سری لنکا میں گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپوزیشن پارٹیوں کے مشترکہ امیدوار کے طور پر سابق صدر مہندا راجا پکشے کو شکست دی تھی ۔ نئے صدر کے ذریعہ اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لئے ہندوستان کو منتخب کئے جانے کی حقیقت کو اس بات کا اشارہ خیال کیاجارہا ہے کہ سری لنکا کی نئی حکومت اپنے سب سے قریبی پڑوسی کے تئیں اپنی پالیسیوں میں تبدیلی کا ارادہ رکھتی ہے ۔ سری لنکا کے نئے صدر نے جنہوں نے انتخابات میں اپنی جیت کے فوراً بعد ہی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کی تھی ،پہلے ہی یہ اشادہ دیا ہے کہ وہ اپنے سب سے بڑے پڑوسی ہندوستان کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں ۔ توقع ہے کہ سری سینا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان کل ہونے والی بات چیت کے ایجنڈے میں سری لنکا کے خونریز خانہ جنگی کے بعد سری لنکا کے تملوں کی باز آباد کاری اور مصالحت کی کوششیں تیز کرنے کا عمل سب سے اوپر رہے گا ۔ سری لنکائی صدر کے اس اہم دورے سے قبل وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ کوئی بھی پہلا غیر ملکی دورہ ہمیشہ سمت طے کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دورے کے دوران متعدد سمجھوتے، اہم اعلانات اور نتیجہ خیز بات چیت ہونے کی توقع ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان منفرد تعلقات ہیں جو ثقافتی وہ تہذیبی روابط پر مبنی ہیں۔

Sri Lanka president arrives in India on first foreign trip

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں