اسپین میں داعش کے لئے لڑکیاں بھرتی کرنے والا گروہ گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-28

اسپین میں داعش کے لئے لڑکیاں بھرتی کرنے والا گروہ گرفتار

بارسلونا
رائٹر
اسپین کی سیکوریٹی فورسز نے ایک آن لائن نیٹ ورک سے وابستہ ایسے گروہ کے افراد کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر شام اور عراق میں سر گرم عمل شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ یا داعش کے لئے نوجوان لڑکیوں کو بھرتی کرتے تھے۔ اسپین کے علاقہ ملیحہ سے گرفتار کردہ افراد پر الزام ہے کہ وہ انٹر نیٹ کے متعدد پلیٹ فارمس پر پروپیگنڈہ پھیلانے میں مصروف تھے ۔ ہسپانوی وزارت داخلہ کے مطابق یہ کام خاص طور پر اسلامک اسٹیٹ کے لئے کیاجارہا تھا۔ بیان مین مزید کہا گیا کہ یہ افراد شدت پسند تنظیم داعش کی حکمت عملی کی لائن پر عمل پیرا تھے اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کو بھرتی کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے تھے۔ لڑکیوں کے تعارفی عمل کے بعد انہیں شدت پسند گروپ میں شمولیت کے لئے جنگ زدہ علاقوں میں بھیج دیاجاتا تھا ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ نوجوانوں کو بھرتی کرنے کے لئے یہ لوگ خفیہ طور پر متعدد گھروں کا دورہ کرتے ہیں جس سے کئی نوجوان جنگ زدہ علاقوں میں جانے کی تیاری بھی کرچکے تھے ۔ گرفتار شدگان میں ایک شخص اسلامک اسٹیٹ کے لئے ورچوئل کمیونٹی کے نام سے نیٹ ورک چلا رہا تھا جس کے ایک ہزار سے زائد ارکان تھے ۔ حکام کے مطابق اس ورچوئل کمیونٹی کے ارکان میں لاطینی امریکہ، بلجیم، فرانس، مراقش، پاکستان، سعودی عرب ، تیونس اور امریکہ اور ترکی کے لوگ بھی شامل ہیں ۔ اسی طرح اسپین کے جنوب مشرقی علاقہ سے ایک اور مشتبہ شخص کو اسلامک اسٹیٹ سے ہمدردی رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جو کسی نیٹ ورک کے بجائے تنہا کام کررہ اتھا ۔ ایک اندازے کے مطابق یوروپ سے تقریباً550خواتین جہاد کی غرض سے شام اور عراق جاکر اسلامک اسٹیٹ میں شمولیت اختیار کرچکی ہیں۔ ہسپانوی حکام کے مطابق تقریباً100شہری آئی ایس آئی ایس میں شمولیت اختیا ر کرچکے ہیں ۔ میڈرڈ حکومت نے حال ہی میں ایسی2لڑکیوں کو سفر شروع کرنے سے پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا ۔ جو داعش میں شمولیت اختیار کرنا چاہتی تھیں ۔ یہ گرفتاریاں ایسے وقت ہوئی ہیں جب یوروپی ممالک جہاد کی غرض سے شام اور عراق جانے والے نوجوانوں کو روکنے کے لئے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں ۔ حکام کے مطابق تازہ ترین کارروائی میں دو افراد کو شہر ملیحہ سے گرفتارکیا گیا جب کہ ایک کو خیرونا اور دوسرے کو بارسلونا سے حراست میں لیا گیا ہے ۔

ٹورنٹو سے رائٹر کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کناڈا کے حکام نے کہا کہ کیوبک سے جنوری میں لاپتہ دو خواتین سمیت چھ افراد اسلامی مملکت کے ساتھ لڑنے کے لئے مشرق وسطیٰ چلے گئے ہوں گے۔ گلو ب اور میل اخبار کے مطابق ان میں چار افراد خزاں کے موسم تک مونٹریال کالج میں زیر تعلیم تھے۔ گلوب نیوز نے کہا کہ اس نے اس بات کی توثیق کرلی کہ یہ چاروں ترکی گئے تھے جہاں سے وہ شام میں داخل ہوسکتے تھے ۔ کنیڈین حکومت کو ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے ۔ کناڈا کے حکام نے اس معاملہ پر کچھ کہنے سے انکار کردیا ہے مگر اتنا کہا ہے کہ اس طرح کی بھرتیوں سے یہ بات اجاگر ہوتی ہے کہ ایسے لوگوں کو لڑنے کے لئے باہر جانے سے روکنے کے لئے قانون بنانا کتنا ضروری ہے ۔

Spain arrests people suspected of recruiting for ISIS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں