مانجھی کی تائید گناہ - بی جے پی پر شیو سینا کا ایک اور وار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-17

مانجھی کی تائید گناہ - بی جے پی پر شیو سینا کا ایک اور وار

ممبئی
پی ٹی آئی
حلیف بی جے پی پر ایک اور کرارہ وار کرتے ہوئے شیو سینا نے آج چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کی تائید کے مسئلہ پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مانجھی کی تائید ایک گناہ ہے کیونکہ اس سے سیاست میں سیاہ دور کی توثیق کی شروعات ہوگی ۔ شیو سینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے تازہ اداریہ میں لکھا گیا کہ ایک ایسے شخص کی تائید کا گناہ کسی کو بھی نہیں کرنا چاہئے جس نے بر سر عام کمیشن قبول کرنے کا اعتراف کیا ہو۔ نتیش کمار کو130ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے، لیکن اس کے باوجود مانجھی بی جے پی کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بی جے پی نتیش کمار کے خلاف مانجھی کو کھڑا کررہی ہے ۔ بی جے پی پر سینا کا یہ تازہ حملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ دو دن قبل ہی وزیر اعظم نریندر مودی اور این سی پی سربراہ شرد پوار بارہ متی میں ایک دوسرے سے ملے جہاں مودی نے پوار کی ستائش کی۔ یاد رہے کہ اکتوبر کے اسمبلی انتخابات میں نتائج آنے کے بعد این سی پی نے بی جے پی کو واحد بڑی جماعت کی حیثیت سے ابھرنے کے بعد غیر مشروط تائید فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ قبل ازیں شیو سینا نے یہ کہتے ہوئے مودی کا مضحکہ اڑایا تھا کہ’’جھاڑ والی‘‘ عاپ نے دہلی میں بی جے پی کو دھول چٹادی اور مودی سے عملاً اس شکست کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔ سینا نے تازہ تنقید میں کہا کہ مانجھی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں انہوں نے کمیشن لیا ہے ۔ انہوں نے جو کچھ کہا ہے وہ سیاست میں ایک حقیقت ہے۔ ایک ایسا چیف منسٹر جس نے کمیشن قبول کرنے کا اعتراف کیا اب بی جے پی کی تائید سے اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ سینا نے مزید کہا کہ مانجھی نے سرکاری ٹنڈرس میں دلتوں اور مہادلتوں کے لئے تحفظات کا اعلان کرتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز کیا ہے ۔

Shiv Sena taunts BJP over backing Manjhi, says supporting him would be a 'sin'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں