بی جے پی سے دوستی ختم کرنے چندرا بابو نائیڈو پر دباؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-10

بی جے پی سے دوستی ختم کرنے چندرا بابو نائیڈو پر دباؤ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر بی جے پی سے دوستی ختم کرنے زبردست دباؤ کا سامنا ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست آندھر اپردیش کو خصوصی موقف دینے سے گریز اور نئے صدر مقام کی تعمیر کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے طلب کردہ20ہزار کروڑ روپے فراہم کرنے سے انکار کے بعد ایک طرف تلگو دیشم پارٹی قائدین میں ناراضگی پائی جارہی ہے تو دوسری طرف ریاست کے عوام خدشات کا شکار ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ریاست کی تقسیم کے لئے فروری2014میں جب آندھرا پردیش تنظیم جدید بل2014پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تھا اس وقت وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے راجیہ سبھا میں باقی رہنے والی ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے رضا مندی ظاہر کی تھی ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد موجودہ مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیانائیڈو نے بھی آندھرا پردیش کو بہر صورت خصوصی موقف فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ دنوں چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست کے نئے صدر مقام کا بلو پرنٹ لے کر دہلی گئے اور تعمیراتی کاموں کے آغا ز کے لئے بھومی پوجا کرنے سے قبل20ہزار کروڑ روپے جاری کرنے مرکزی حکومت سے خواہش کی ۔ مرکزی حکومت نے ریاست کو خصوصی موقف دینے یا20ہزار کروڑ جاری کرنے سے صاف انکار کردیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ حالیہ عرصہ میں مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کے7پسماندہ اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لئے350کروڑ روپے منظورکرنے کا فیصلہ لیا تھا ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے20ہزار کروڑ جاری کرنے سے انکار اور حکومت آندھرا پردیش کو سکریٹریٹ اور اسمبلی کی عمارتوں کی تعمیر تک مدومحدود رکھنے کے فیصلہ سے چندرا بابو نائیڈو کے منصوبوں کو زبردست دھکہ لگا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو ریاست کے لئے انتہائی ترقی یافتہ عصری سہولتوں سے لیس صدر مقام تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ مرکزی حکومت کے عدم تعاون والے رویہ کے خلاف پارٹی قائدین میں ناراضگی پھیلی ہوئی ہے۔ پارٹی ذرئع کے مطابق کئی قائدین میں ناراضگی پھیلی ہوئی ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کئی قائدین نے پارٹی سربراہ کو بی جے پی سے فاصلہ رکھنے کا مشورہ دیاہے ۔ دوسری طرف عوام کا احساس ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نئے صدر مقام کے بجائے ساری ریاست کی ترقی پرتوجہ دیں اور عوام و ریاست کی ترقی و خوشحالی کے خاطر بی جے پی سے دوستی ختم کردیں۔

Possible End of TDP, BJP 'friends' episode

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں