جئے شنکر کا دورہ - پاکستان نے عبدالباسط کو مشاورت کے لئے طلب کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

جئے شنکر کا دورہ - پاکستان نے عبدالباسط کو مشاورت کے لئے طلب کیا

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان نے ہندوستان کے خارجہ سکریٹری ایس جئے شنکر کے مجوزہ دورہ سے پہلے مشاورت کے لئے اپنے ہندوستان میں اپنی ہائی کمشنر کو طلب کیا ہے۔ عبدالباسط نئی دہلی سے اسلام آباد پہونچ گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیدار نے کہا کہ باسط اب ہندوستان کے خارجہ سکریٹری کے دورے کی تیاری کے سلسلے میں داخلی بات چیت میں حصہ لے رہے ہیں ۔ خارجہ سکریٹری اعزاز چودھری سے ملاقات کے بعد باسط وزیر اعظم نوز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گے۔ جئے شنکر دو روزہ دورے کے لئے3مارچ کو اسلام آباد پہونچنے والے ہین ۔ توقع ہے کہ ہندوستان اور پاکستان سرکردہ ہندوستانی سفارتکار کے اس دورے کے دوران آپسی تعلقات کے تمام مسائل پر بات چیت کریں گے ۔ جئے شنکر کا یہ دورہ ایک سفارتی تعطل کے بعد ہورہا ہے ۔ ہندوستان نے گزشتہ سال اگست کے مہینے میں کشمیری علیحدگی پسندوں سے باسط کی ملاقات کے مسئلہ پر خارجہ سکریٹری کے دورے کو یکطرفہ طور پر منسوخ کردیاتھا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے13فروری کو نواز شریف کو ٹیلی فون کیا تھا اور دونوں قائدین نے سفارتی روابط کی بحالی سے اتفاق کیا تھا۔ اس دوران پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے کارجہ سکریٹری جئے شنکر کے آئندہ ہفتہ ہونے والے دورے کے دوران کشمیر اور دوسرے مسائل پر بات چیت کی جائے گی ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایجنڈے کے بارے میں کچھ بتانے سے انکار کردیا لیکن کہا کہ جب کبھی پاکستان اور ہندوستان کے قائدین کی ملاقات ہوتی ہے تمام موضوعات پر بات چیت کی جاتی ہے ۔

Pakistan summons envoy in India for consultations ahead of Foreign Secretary talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں