نتیش کمار کی بحیثیت چیف منسٹر بہار کل حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-21

نتیش کمار کی بحیثیت چیف منسٹر بہار کل حلف برداری

پٹنہ
پی ٹی ئی
قائد جنتادل یو نتیش کمار، اتوار22 فروری کو چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف لیں گے ۔ اس طرح گزشتہ ہفتوں سے اس ریاست میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کا خاتمہ ہوجائے گا ۔ نتیش کمار نے آج یہاں راج بھون میں ریاستی گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی سے نصف گھنٹہ ملاقات کی ۔ بعد میں اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ22فروری کو شام5بجے بحیثیت چیف منسٹر بہار حلف لیں گے ۔ گورنر نے ان سے خواہش کی ہے کہ وہ3ہفتوں میں یعنی آئندہ16مارچ سے قبلایوان میں اپنی اکثریت ثابت کریں ۔ گورنر سے کمار کی ملاقات کے وقت جنتادل یو کے علاوہ کانگریس، آر جے ڈی اور سی پی آئی ارکان اسمبلی بھی موجود تھے ۔ ایک آزاد رکن اسمبلی بھی کمار کے ساتھ تھے۔ نتیش کمار نے بتایا کہ ان کی حکومت ، بہار اسمبلی کا نیا بجٹ اجلاس طلب کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی اور مشترکہ اجلاس سے گورنر کے خطاب کے لئے تاریخ کا تعین کرے گی۔ کمار نے بتایا کہ جنتادل یو اور اس کے حامیوں نے گزشتہ5فروری ہی کو تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کردیا تھا اور گزشتہ9فروری کو ریاستی گورنر سے ملاقات کے موقع پر اس دعویٰ کا اعادہ کیا گیا تھا ۔ راج بھون کے باہر منتظر اخبار نویسوں سے انہوں نے کہا کہ’’ آج ہم نے اپنے دعویٰ کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آج کی صورتحال پھر ایک بار نئی حکومت کی تشکیل کا دعویٰ پیش کرنے کی متقاضی تھی ۔‘‘گورنر نے ہماری درخواست قبول کرلی اور مجھے22فروری کی شام کو حلف لینے کے لئے مدعو کیا ۔‘‘ کمار کے ساتھ راج بھون پہنچنے والے میں صدر ریاستی جنتادل یو وششٹ نارائن سنگھ، سینئر پارٹی لیڈر وجئے چودھری ، صدر بہار پرویش کانگریس اشوک چودھری ، قائد کانگریس لیجسلیچر پارٹی سدانند سنگھ ، صدر ریاستی آر جے ڈی رام چندر پوروے، قائد آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی عبدالباری صدیقی، سی پی آئی رکن اسمبلی سبودھ رائے اور آزاد رکن اسمبلی گلال چند گو سوامی بھی شامل تھے ۔ اس سوال پر کہ آیا ان کی تائید کرنے والے ارکان، نئی حکومت کا حصہ ہوں گے ، نتیش کمار نے کوئی واضح جواب نہیں دیا اور کہا کہ’’ بحالت موجودہ ایک نئی حکومت تشکیل دی جائے گی۔‘‘کمار نے نالندہ انٹر نیشنل یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدہ سے امرتیہ سین کے استعفیٰ کے فیصلہ کی اطلاع پر’’ گہرے دکھ‘‘ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ(کمار) شخصی طور پر امرتیہ سین سے بات کریں گے ۔

بہار کے نامزد چیف منسٹر اور جنتادل یو کے سینئر لیڈر نتیش کمار نے گزشتہ سال مئی میں چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے پر آج یہ کہتے ہوئے بہار کے عوام سے معافی مانگی کہ یہ ایک جذباتی فیصلہ تھا ۔ جے ڈی یو کے لیڈر نے آج میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کی غلطی کا ارتکاب دوبارہ نہیں کریں گے اور وہ بہار کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے خود کو پھر سے وقف کریں گے ۔ نتیش کمار نے یہ وعدہ کیا کہ وہ آنے والے وقت میں بہار کی ترقی کے لئے خود کو پھر سے پوری قوت اور توانائی کے ساتھ وقف کریں گے ۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے جتن رام مانجھی کے استعفیٰ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ انہیں بہت پہلے استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا۔ ان کے استعفیٰ دینے میں تاخیر کے سبب ایسا واقعہ پیش آیا جو پارلیمانی جمہوریت کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا ۔ واضح رہے کہ بہار اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن آج دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے گورنر کا خطاب نہیں ہوسکا اور آج مانجھی کے استعفیٰ دینے کے بعد غیر معمولی صورتحال پیدا ہوجانے کے سبب ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔ نتیش کمار نے کہا کہ وہ گزشتہ7فروری کو97ارکان اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے دیگر ارکان کی موجودگی میں جے ڈی یو کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہوئے تھے ۔ مانجھی اسمبلی میں اکثریت کی حمایت کھوچکے تھے اور گورنر بھی اس حقیقت سے بخوبی واقف تھے، کیونکہ اسی کے پیش نظر انہوں نے مانجھی کو ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ مانجھی بھی اس بات سے آگاہ تھے کہ انہیں نہ تو اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور نہ ہی وہ اکثریتی حمایت حاصل کرسکتے ہیں ۔ لیکن وہ صرف بی جے پی کے اشارے پر چیف منسٹر کے عہدہ پر اڑے رہے ارو آج عین اس وقت انہوں نے استعفیٰ دیا جب انہیں ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا تھا اور اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آغاز میں گورنر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جتن رام مانجھی کے چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ سے بی جے پی کا پردہ فاش ہوگیا ہے ۔

Nitish Kumar to Take Oath as Chief Minister on Sunday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں