ریل بجٹ یو پی اے کی پالیسیوں کی ہوبہو نقل - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

ریل بجٹ یو پی اے کی پالیسیوں کی ہوبہو نقل - سونیا گاندھی

نئی دہلی
یو این آئی
اپوزیشن جماعتوں نے آج این ڈی اے حکومت کے پہلے مکمل بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ یوپی اے کی پالیسیوں کی ہو بہو نقل(زیراکس) ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پربھو کا بجٹ یوپی اے کے بجٹ کی ہو بہو نقل ہے ۔ یہ انتہائی مایوس کن ہے ۔ اس میں کوئی نئی بات نہیں۔ انہوں نے ہماری پالیسیوں کو ہی پیش کیا ہے۔ سینئر بی جے ڈی لیڈر ٹی ستپتی نے اسے’’خالی بجٹ‘‘قرا ر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس انداز میں آئیڈیاز پیش کی ہیں جیسے آئیڈیا سیلولر کمپنی کے لئے اشتہار کررہے ہوں۔ صرف وزیر ریلوے کا تقریر کا انداز اچھا تھا۔ اگر آپ بجٹ کی بات کریں تو یہ کچھ نہیں ہے ۔ سماج وادی پارٹی قائد نریش اگروال نے این ڈی اے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت ٹیم یو پی اے کے نقش قدم پر چل رہی ہے ۔ یوپی اے نے اپنی میعاد میں جو کچھ کیا این ڈی اے بھی وہی کررہی ہے ۔ میں سونیا جی سے اتفاق کرتا ہوں ۔ یو پی اے نے بھی ایسا ہی بجٹ پیش کیا تھا ۔ متازعہ حصول اراضی بل سے متعلق سوال پر اگروال نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ایسے ہر اقدام کی تائید کرے گی جو عوام کی بہتری کے لئے ہو لیکن اگر وہ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کرے تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ آر جے ڈی قائد پپو یادو نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے ملاقات کرتے ہوئے بجٹ پر اپنی تشویش سے واقف کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں بہار کو کچھ نہیں دیا گیا ہے ۔ یہ بجٹ، پیسہ کمانے کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ سابق وزیر ریلوے ترنمول کانگریس قائد دنیش ترویدی نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی وجہ سے مسافر کرایوں میں اضافہ کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ دنیش ترویدی نے ریلوے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال کے بجٹ میں کوئی نئی بات نہیں، یہ محض تجاویز ہیں۔ پارلیمنٹ کے باہر اے آئی ٹی سی لیڈر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی جے پی حکومت نے ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرین کے بارے میں عوام کو جو خواب دکھایا تھا وہ جاریہ سال کے بجٹ میں خواب ہی بنار ہے گا۔ جاریہ سال کوئی بجٹ پیش ہی نہیں کیا گیا۔ کئی تجاویز پیش کی گئی ہیں لیکن کوئی روڈ میاپ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حال کا نہیں بلکہ مستقبل کا بجٹ ہے۔ لوک سبھا میں کانگریس قائد ملکارجن کھرگے نے پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھے الفاظ پر مشتمل بجٹ تقریر تھی ، لیکن کوئی امید نہیں بنی ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ یہ ایک فرضی اور تصوراتی بجٹ ہے اور س میں کوئی نئی بات نہیں ۔آمدنی پیدا کرنے کوئی منصوبہ پیش نہیں کیا گیا ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس بجٹ میں دیگر وسائل جیسے عوامی و خانگی شراکت داری ماڈل ، بی او ٹی معاہدوں وغیرہ پر انحصار کیا گیا ہے۔ اسی پارٹی سے تعلق رکھنے والے جیوتر آدتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ یہ دیکھنا ہوگا کہ اس بجٹ پر عمل آوری ہوگی یا نہیں۔ بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے کہا کہ کئی نئے اعلانات کئے گئے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ گزشتہ ریل بجٹ میں جو پراجکٹ متعارف کرائے گئے تھے، ان پر عمل آوری ہوئی ہے یا نہیں ۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک مانو سنگھوی نے کہا کہ ریلویز کی جدید کاری کے لئے بھاری سرمایہ کاری درکار ہے ۔ پربھو نے یہ نہیں بتایا کہ رقم کہاں سے آئے گی۔
پی ٹی آئی کی اطلاع کے مطابق سماج وادی پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو نے ریلوے بجٹ میں نئی ٹرینوں کے اعلانات جیسے عوامی اقدامات سے گریز پر اور ماضی میں پیش کئے گئے موازنوں میں متعارف کیے گئے پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرنے پر وزیر ریلوے سریش پربھو کی ستائش کی ۔ پہلے مکمل ریلوے بجٹ پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حلیف جماعت شیو سینا کی تنقیدوں کے دوران بی جے پی حکومت کو اس وقت مسرت حاصل ہوئی جب ملائم سنگھ یادو نے بجٹ پر تنقید کرنے سے گریز کیا اور بعض اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھا کام کیا گیا ہے ۔ انہوں(پربھو) نے کوئی نئی اسکیمات کا اعلان نہیں کیا ہے اور یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ ماضی میں متعارف کرائے گئے پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ سابق بجٹ میں ڑیلوے وزراء کی جانب سے نئی اسکیمات کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی تجاویز زائد از15برس سے زیر التوا ہیں۔

NDA Budget has copied UPA policies, nothing new: Sonia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں