مکل رائے ترنمول کانگریس پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین کے عہدہ سے برطرف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-28

مکل رائے ترنمول کانگریس پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین کے عہدہ سے برطرف

کولکاتا
یو این آئی
مغربی بنگال کے حکمران جماعت ترنمول کانگریس نے آج وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بعد سب سے با اثر لیڈر کہے جانے والے لیڈر مکل رائے کے سیاسی اثرورسوخ کو کم کرتے ہوئے پارلیمانی پارٹی کے چیرمین کے عہدہ سے ہٹا دیا ہے ۔ ترنمول کانگریس نے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور سینئر پارٹی لیڈر مکل رائے کے درمیان بڑھتی ہوئی دوریوں کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے ۔ حال ہی میں14فروری کو ممبر پارلیمنٹ سبرتو بخشی کو پارٹی نے مکل رائے کے ساتھ ساتھ جنرل سکریٹری نامزد کیا تھا ۔ سابق مرکزی وزیر ریلوے اور راجیہ سبھا کے رکن مکل رائے کو شاردا گھوٹالہ میں سی بی آئی کے ذریعہ پوچھ گچھ کے بعد سے ہی ممتا بنرجی اور مکل رائے کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں۔ پارٹی کے بانی رکن مکل رائے نے گزشتہ چند ہفتوں سے بی جے پی کی تنقید کرنے سے گریز کرنا شروع کردیا تھا ۔ اسی طرح حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے ضمنی انتخابات میں مکل رائے کی سر گرمیاں نہ کے برابر تھی ۔ مکل رائے کا لہجہ سی بی آئی کے تفتیش کے بعد ہی سے بدل گئے ہیں ۔ انہوں نے پوچھ تاچھ کے بعد بیان دیا تھا کہ وہ جانچ ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے تاکہ شاردا گھوٹالہ کا سچ عوام کے سامنے آسکے جب کہ ترنمول کانگریس مسلسل یہ کہتے ہوئے آرہی ہے کہ سی بی آئی کا سیاسی استعمال کیاجارہا ہے ۔ ترنمول کانگریس نے حال ہی میں سابق ریاستی وزیر ہمایوں کبیر کو پارٹی مخالف سر گرمیوں میں ملوث اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی تنقید کرنے کی وجہ سے پارٹی سے نکال دیا تھا ۔ کبیر مرشدآباد میں پارٹی کے بااثر لیڈر ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ بدھ کو الزام عائد کیا تھا کہ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی مکل رائے کو درکنار کر کے اپنے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کو پروجیکٹ کررہی ہیں۔ ترنمول کانگریس نے بیر بھوم کے سوری سے ممبر اسمبلی سواپن کانتی کو بھی اسمبلی میں پارٹی کی قیادت والی سوری میونسپلٹی میں بد عنوانی کے خلاف دھرنے پر بیٹھنے کی وجہ سے معطل کردیا تھا ۔ ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو شبہ ہے کہ بی جے پی مکل رائے کو شاردا گھوٹالہ میں بلیک میل کرکے ترنمول کانگریس میں توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ پارٹی کو شبہ اس بنیاد پر بھی ہے کہ شاردا گھوٹالہ میں جس طرح سے مکل رائے کو گناہ گار بناکر پیش کیاجارہا تھا اس کے باوجود ان سے صرف پوچھ گچھ کرنے کے بعد چھوڑ دیا گیا جب کہ ریاستی وزیر مدن مترا کو پہلی مرتبہ ہی پوچھ گچھ کرنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ۔

Mukul Roy Removed as Chairman of TMC Parliamentary committee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں