مفتی سعید کی بحیثیت وزیراعلیٰ جموں و کشمیر اتوار کو حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-28

مفتی سعید کی بحیثیت وزیراعلیٰ جموں و کشمیر اتوار کو حلف برداری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سرپرست پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی مفتی محمد سعید اتوار(یکم مارچ) کو بحیثیت چیف منسٹر جموں و کشمیر اپنے عہدہ کا حلف لیں گے ۔ ان کی زیر صدارت 25رکنی کابینہ بھی حلف لے گی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی ، تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے جو جموں میں منعقد ہوگی ۔ دستور کی دفعہ370اور مسلح فورسس خصوصی اختیارات ایکٹ( افسپا ) جیسے متنازعہ مسائل پر اختلافات کی یکسوئی کے بعد پی ڈی پی ۔ بی جے پی معاملت طے پاگئی اور79سالہ مفتی سعید نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ اس طرح تشکیل حکومت کے مسئلہ پر گزشتہ دو ماہ سے دونوں پارٹیوں کے درمیان جاری سر گرم مذاکرات مثبت انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچے۔ اعلی ذرائع کے بموجب25رکنی ریاستی کابینہ میں بی جے پی کے12ارکان اسمبلی بشمول ایک ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس ریاست میں حکومت میں بی جے پی شامل ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آج مفتی سعید نے پی ڈی پی کے چیف مصالحت کا ر حسیب ڈرابو کی معیت میں مودی سے تقریباً ایک گھنٹہ بات چیت کی اور وزیر اعظم کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ۔ مودی اور مفتی سعید مسکراتے ہوئے ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے اورایک ساتھ اپنی تصاویر کھنچوائیں جو چند ہی منٹوں میں سوشل نیٹ ورکس ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گئیں ۔ مفتی سعید نے وزیر اعظم کی سرکاری قیام گاہ(7۔ ریس کورس روڈ) پر ان سے ملاقات کے بعد اخبار نویسوں کو بتایا کہ’’ میں نے وزیر اعظم کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی جس سے انہوں نے اتفاق کرلیا۔‘‘ مفتی سعید نے متنازعہ مسائل پر مصرحہ سوالات کا جواب دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ مشترکہ اقل ترین پروگرام( سی ایم پی) کا اعلان اتوار(یکم مارچ) کو سہ پہر3بجے کردیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ’’ ریاستی انتخابات کا فیصلہ واضح ہے ۔ کشمیر میں پی ڈی پی اور جموں میں بی جے پی عوام کی پسند ہے ۔ ہم نے ایک ایسی حکومت دینے کے لئے اتحاد کیا ہے جو اس ریاست کے تمام علاقوں کومجموعی ترقی دے گی۔ پی ڈی پی ، بی جے پی اتحاد ، قطب شمالی اور قطب جنوبی کو باہم قریب لانے کے مترادف ہے ۔ مستحکم حکومت قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مفتی سعید نے جو9سال بعد اقتدار پر آرہے ہیں ۔ مودی کے اس نعرے کی تائید کی اور کہا کہ’’میں بھی سب کا ساتھ اور سب کا وکاس چاہتا ہوں ۔‘‘ اس سوال پر کہ آیا پی ڈی پی ، مرکز میں این ڈی اے میں شامل ہورہی ہے ؟ انہوں نے جواب دیا کہ ’’ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔‘‘ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا آنے والا راستہ دشوار گزار ہے ۔ مفتی سعید نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ سب کچھ ٹھیک ہے ۔

JK govt formation: PM Modi to attend swearing in of PDP-BJP govt led by Mufti Sayeed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں