دہلی میں شکست کے لئے مودی ذمہ دار - شیو سینا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-12

دہلی میں شکست کے لئے مودی ذمہ دار - شیو سینا

نئی دہلی؍ ممبئی
پی ٹی آئی
شیو سینا نے آج بی جے پی کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی جھاڑو نے زعفرانی پارٹی کو دھول چٹائی ہے ۔ پارٹی کے ترجمان اخبار سامنا میں لکھے گئے اداریہ میں شیو سینا نے دہلی میں ناکامی پر بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مہاراشٹر کے عوام کو اس سے سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ جس طرح دہلی والوں نے 5برس کے لئے کجریوال کوقبول کیا اسی طرح مہاراشٹرا کے عوام بھی ایک پارٹی کو اقتدار دلانے کے لئے کام کرسکتے ہیں ۔ بالواسطہ طور پر شیو سینا نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر کواس بد ترین شکست کی ذمہ داری قبول کرلینی چاہئے ۔ اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ بی جے پی جس نے لوک سبھا انتخابات میں دہلی کی تمام7نشستوں پر قبضہ کیا تھا ان انتخابات میں دھول کی طرح اڑ گئی۔ عام آدمی پارٹی کی جھاڑو نے اسے دھول کی طرح اڑا دیا ۔ بی جے پی قائدین کو نشستیں گننے کے لئے انگلیوں کی ضرورت بھی نہیں ہے جو انہوں نے انتخابات میں حاصل کی ہیں۔ کرن بیدی پر شکست کا الزام عائد کرنا درست نہیں ہے ۔ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کو یہ صاف کردینا چاہئے کہ شکست کی ذمہ داری کس پر عائد کی جائے ۔ انتخابات میں پوری مہم مودی کے نام پر چلائی گئی ۔ انا ہزارے نے کہا کہ یہ مودی کی شکست ہے، ہمارا بھی یہی احساس ہے ۔ جس طرح پارٹی کامیابیوں کو مودی کے سر باندھتے آئی ہے اسی طرح ناکامی بھی مودی کے کھاتے میں ہی ڈالنی چاہئے۔ بی جے پی نے دہلی انتخابات میں ہوئی بد ترین شکست کو مودی سے جوڑنے کے بجائے اس کے لئے دیگر عوامل کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور پارٹی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج مودی کی کارکردگی پر ریفرنڈم نہیں ہے، لیکن شیو سینا نے بی جے پی قائدین بشمول مودی کو منفی انتخابی مہم کے لئے نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی کے ساتھ بی جے پی کے تمام قائدین نے راہول گاندھی اور اروند کجریوال کا اپنی تقریروں میں مذاق اڑایا ۔ چنانچہ منفی انتخابی مہم کے نتائج بھی بی جے پی کو بھگتنا ہوگا ۔ کیا دہلی انتخابات کے نتائج سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز ہے ؟ کیوں لوگ بی جے پی سے دور ہورہے ہیں ؟ بیروزگاری میں ابھی تک کمی نہیں آئی ہے ۔ افراط زر کی شرح میں اضافہ برقرار ہے ۔ بے سہارا لوگوں کو گھر نہیں مل رہے ہیں ۔ انتخابی وعدے پورے نہیں کئے گئے ہیں۔ اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ انتخابات کا مطلب صرف تقریریں اور وعدہ کر کے نشستیں جیتنا نہیں ہوتا بلکہ یہ عوام کی خدمت کا ایک موقع ہوتا ہے ۔ ان انتخابات کی وجہ سے پارٹی میں بے چینی پھیلی ہے ۔ امیت شاہ اس مرتبہ مودی کو استعمال کرتے ہوئے عوام پر کوئی جادوکرنے میں ناکام رہے ہیں ۔

دریں اثنا ایٹا سے یو این آئی کی اطلاع کے بموجب بی جے پی کے متنازعہ رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی ذلت آمیز شکست کے لئے آج خود کو مورد الزام ٹھہرایا۔ انہوں نے آج یہاں صحافیوں سے کہا’’دہلی میں پارٹی کی شرمناک شکست کے لئے نریندر مودی یا امیت شاہ کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتا ، کیونکہ اس شکست کا سبب میں خو د ہوسکتا ہوں ۔‘‘انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈروں کو دہلی اسمبلی انتخابات میں ناکامی کے اسباب کا جائزہ لینا چاہئے اور کھل کر سر عام ان پر گفتگو کرنی چاہئے۔ اناؤ حلقہ سے نمائندگی کرنے والے ساکشی مہاراج نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں اگرچہ بی جے پی کو دھکا لگا ہے لیکن ملک کو کانگریس سے پاک کرنے کا وزیر اعظم نریندر مودی کا وعدہ کج ریوال کی بدولت پورا ہوگیا ہے اور اب کرپشن کا خاتمہ کرنے کے دوسرے وعدے بھی مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ جلد ہی پورا کئے جائیں گے ۔

Shiv Sena mouthpiece Saamana blames Modi and Shah for BJP's Delhi poll debacle

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں