سرسلہ تلنگانہ میں پاور لوم کلسٹر کے قیام کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-17

سرسلہ تلنگانہ میں پاور لوم کلسٹر کے قیام کا امکان

حیدرآباد
منصٖف نیوز بیورو
ریاستی وزیر پنچایت راج اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت عام بجٹ میں ضلع کریم نغر کے سرسلہ میں پاور لوم کلسٹر کے قیام کی منظوری دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جو نئی دہلی میں ہیں، مرکزی حکومت کو پاور لومکلسٹر کے قیام کی تجویز پیش کی تھی ۔ یہ کلسٹر قائم ہوجاتا ہے تو ضلع کے غریب بافندوں کو فائدہ ہوگا اور خود کشی کے واقعات ختم ہوجائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی بجٹ میں بافندوں کی خود کشی کو روکنے کے لئے ایک منصوبہ شامل کیاجائے گا اور اس کے تحت ضرورت مند بافندوں کو بروقت مدد فراہم کی جائے گی ۔ کے تارک راما راؤ یہاں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مرکزی حکومت سے آندھرا پردیش کی تنظیم جدید ایکٹ پر عمل آوری کا بھی مطالبہ کریں گے جسکے تحت وہ ریاست کو مرکزی امداد ، تلنگانہ کو خصوصی زمرہ کا موقف اور مختلف زیر التواپراجکٹس کے لئے فنڈس کی اجرائی پر زور دیں گے ۔ اسی دوران یو این آئی کے بموجب نو تشکیل کردہ تلنگانہ کانگریس ویورس کمیٹی نے آج ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ طویل عرصہ سے زیر التو ا پاور لوم ویورس کی سبسیڈی کی اجرائی عمل میں لائے۔ کمیٹی نے حکومت پر14ہزار کروڑ روپے کی سبسیڈی کی اجرائی کے لئے زور دیتے ہوئے کہا کہ بافندوں کے روزگار کا تحفظ کرنے کیلئے سبسیڈی کی اجرائی ضروری ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پونالا لکشمیا نے تلنگانہ کانگریس ویورس کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی تاکہ ریاست کے بافندوں کے مسائل کا جائزہ لیاجاسکے ۔ کمیٹی کے کنوینر اور سابق وزیر پرساد اور کمیٹی کے رکن پونم پربھاکر نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بافندوں کو جاری کیاجانے والا قرض کا80فیصد حصہ مرکزی حکومت جب کہ20فیصد حصہ ریاستی حکومت برداشت کرتی ہے ۔ مرکزی حکومت اپنا حصہ جاری کرچکی ہے لیکن ریاستی حکومت نے ہنوز اپنا حصہ جاری نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے بافندوں کے لئے ایک خصوصی بینک کے قیام کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ اس برادری کو پاور لوم کے لئے35ہزار تا5لاکھ روپے کی فی کس مالیتی امداد جاری کی جاسکے ۔ سابق مرکزی ویر ٹیکسٹائلز کے سامبا شیواراؤ نے وعدہ کیا تھا کہ ضلع کریم نگر کے سرسلہ میں میگا ٹیکسٹائل کلسٹر قائم کیاجائے گا جہاں40ہزار سے زائد پاور لوم اور ہینڈلوم موجود ہیں ۔کانگریس قائدین نے درخواست کی کہ ریاستی حکومت ان تجاویز کی تکمیل کے لئے اقدامات کا آغاز کرے جو مختلف مرحلوں پر التواء کا شکار ہیں ۔ شہر میں ریاستی حکومت کی جانب سے بافندوں کے ساتھ ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پرزور دیا کہ وہ پاور لومس کے لئے 8روپے کے بجائے فی یونٹ2روپے شرح پر برقی سربراہی یقینی بنائے جیسا کہ گجرات ، ٹاملناڈو ، اور کرناٹک کی ریاستوں میں کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بافندوں کے پراڈکٹس کے لئے مارکٹ سہولت بھی مہیا کرے ۔ اس کے علاوہ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم کو ریاست کے بافندوں تک وسعت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

Mega powerloom cluster will come up in Sircilla: KTR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں