علاقائی امن کے لئے ہند پاک مذاکرات نہایت اہم - امریکی دفتر خارجہ ترجمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-17

علاقائی امن کے لئے ہند پاک مذاکرات نہایت اہم - امریکی دفتر خارجہ ترجمان

واشنگٹن
یو این آئی
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک ہندوستان اور پاکستان کے مابین تعلقات جونبی ایشیا میں امن و سلامتی کو آگے بڑھانے کیلئے نہایت اہمیت رکھتے ہیں ۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے واشنگٹن میں ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان عملی تعاون کے فوائد حاصل کرنے کے لئے اقدامات کریں گے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہ وہ مذاکرات کو بحال کرکے کشیدگی کو کم کرسکتے ہیں ۔ خیال رہے کہ جمعہ کو ہندوستانی حکام نے نئی دہلی میں اعلان کیا تھا کہ ان کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر جلد ہی اپنے ایجنڈے پر پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے لئے جلد ہی اسلام آباد کا دورہ کریں گے ۔ اگر ہندوستانی سیکریٹری خارجہ کا دورہ ہوتا ہے تو یہ پچھلے سال 2پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات میں تلخی پیداہونے کے بعد سے ہندوستان کی اعلیٰ سطح کی شخصیت کا پہلا دورہ ہوگا ۔ اس کے علاوہ جمعہ کو وزیر اعظم نریندرمودی نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سمیت جنوبی ایشیا کے4رہنماؤں کو فون کیا تھا اور ان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ جب جین ساکی سے اس پیشرفت پر تبصرہ کے لئے کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کو مستحکم کرنے کیلئے نہایت اہمیت رکھتے ہیں لہذا ہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے ضمن میں کسی بھی پیشرفت کا خیر مقدم کریں گے ۔ واشنگٹن میں سفارتی ذرائع کے مطابق پچھلے مہینے ہندوستان کے دورہ کے دوران صدر اوباما نے مودی پر زور دیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات بحال کئے جائیں اور اپنی اس پہل پر نواز شریف کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا تھا ۔ اوباما نے ہندوستان روانہ ہونے سے پہلے پاکستانی وزیر اعظم کو بھی ٹیلیفون کیا تھا۔

US terms Pak-India ties critical for regional peace

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں