تروپتی حلقہ اسمبلی پر تلگو دیشم کا قبضہ برقرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-17

تروپتی حلقہ اسمبلی پر تلگو دیشم کا قبضہ برقرار

حیدرآباد
آئی اے این ایس
تلگو دیشم پارٹی نے حلقہ اسمبلی تروپتی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے جب کہ اسے ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ۔حکمراں جماعت کی امیدوارہ ایم سوگنا نے کانگریس پارٹی کی اپنی قریبی حریف آر سری دیوی کو زائد از1.16لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے شکست دیدی۔ ایم سوگنا کو ڈالے گئے 1,47,216ووٹوں کے منجملہ1,26,152ووٹ حاصل ہوئے ۔ کانگریس امیدوارہ سری دیوی کے بشمول تمام دیگر امیدواروں کی ضمانتیں ضبطہوگئیں ۔ کانگریس امیدوارہ کو صرف9,628ووٹوں کے ساتھ دوسرا مقام حاصل ہوا۔ اصل اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ضمنی انتخاب میں امیدوار نہ ٹھہرانے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ الہ گڈہ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں تلگو دیشم پارٹی نے بھی مقابلہ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ تلگو دیشم امید وارہ ایم سوگنا کے شوہر ایم وینکٹ رمنا کے انتقال کے نتیجہ میں حلقہ اسمبلی تروپتی میں ضمنی انتخاب ناگزیر ہوگیاتھا ۔ اسی دوران یون این آئی کے بموجب آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے فاتح امیدوارہ ایم سوگنا کو ان کی کامیابی پر مارکباد پیش کی ۔ سوگنا کے شوہر و رکن اسمبلی ایم وینکٹ رمنا کا گزشتہ سال15دسمبر کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا ۔ چندرابابونائیڈو نے ضمنی انتخاب کے لئے وینکٹ رمنا کی اہلیہ کو ہی تلگو دیشم کی امیدوار کے طور پر پیش کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایم سوگنا کی کامیابی گزشتہ8ماہ کے دوران تلگو دیشم حکومت کے پروگراموں پر عوامی رد عمل کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایم سوگنا عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے جدو جہدکریں گی۔

TDP bagged Tirupati assembly with 1.16 lakh margin

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں