ممتا بنرجی کے ساتھ بنگلہ دیش جانے والے تاجر و فلمساز شیواجی پانجہ گرفتار و رہا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-23

ممتا بنرجی کے ساتھ بنگلہ دیش جانے والے تاجر و فلمساز شیواجی پانجہ گرفتار و رہا

کولکاتا
ایس این بی
تاجر اور فلم پروڈیوسر شواجی پانجہ کو جعل سازی کے معاملے میں پولیس نے کولکاتا ایئر پورٹ پر دبوچ لیا ۔ وہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ بنگلہ دیش کے دورے پر گئے تھے ۔ شیواجی پانجہ کو آج اتوار کے روز رہائی بھی مل گئی ۔انہیں ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ بارکپور کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں50ہزار راپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت مل گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے خو د کو اس معاملے سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے لیکن اپوزیشن نے انہیں اس معاملے میں گھیرنے کی کوشش شروع کردی ہے ۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے سفر میں ایک جرائم پیشہ شخص کو شامل کر کے ملک کے وقار کو مجروح کردیا ہے ۔ پانجہ کو سنیچر کو نیتا جی سبھاش چندر بوس انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا ۔ ایئر پورٹ پولیس نے اتوار کو انہیں با ضابطہ طور پر گرفتار کیا۔ دہلی پولیس نے پانجہ کے خلاف پہلے ہی ایک لک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہوا تھا ۔ دہلی پولیس کے کہنے پر ہی یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ دہلی پولیس کی اکونومی آفنسیس ونگ کے افسران ان کے خلاف ایک مقدمہ دائر کررکھا ہے ۔ پانچہ کے خلاف19فروری کو لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ اسی دن وہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ ان کے ڈھاکہ جانے والے وفد میں شامل تھے۔ پانجہ نے بنگالی فلم بومکیش بخشی بھی پروڈیوس کی تھی۔ وہ کولکاتا انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ اس واقعہ سے خود کو دور رکھتے ہوئے ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ ایک تاجر کے خلاف معاملہ ہے ۔ یہ پانجہ کا معاملہ ہے ، ترنمول کانگریس کا ان سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری سدھارت ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ(پانجہ) وزیر اعلیٰ کی کابینہ کے ایک اہم ممبر ہیں ۔ وہ ترنمول کانگریس کے لئے فنڈ جمع کررہے تھے ۔ وہ سنگاپور کے دورے کے وقت بھی ترنمول کانگریس کے وفد میں شامل تھے ۔ اس بار وہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ بنگلہ دیش کے دورے پر گئے تھے ۔ وزیر اعلیٰ کو یہ بتانا پڑے گا کہ پانجہ ، ان کے ساتھ اس دورے پر کیا کررہے تھے ۔ انہوں نے اس دوران یہ بھی کہا کہ ممتا بنرجی کو ترنمول کانگریس کے ساتھ اس کی سر گرمیوں کے بارے میں بتانا پڑے گا۔
سی پی ایم کے ایم پی محمد سلیم نے ترنمول کانگریس کے ساتھ پانجہ کی شمولیت کے تعلقات کے بارے میں مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح شاردا کے سدپتوسین ترنمول کانگریس کے ساتھ جڑے ہوئے تھے اسی طرح پانجہ کا بھی تعلق ترنمول کانگریس کے ساتھ ہے ۔ ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ اس پورے معاملے میں صحیح طریقہ سے جانچ کی جائے ۔ سی پی ایم کے ایک دوسرے رہنما بکاش رنجن بھٹا چاریہ نے ممتا بنرجی کو پانجہ کا بچانے کا الزام لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ ممتا بنرجی سب کچھ جانتے ہوئے بنگلہ دیش کے دورے پر انہیں اپنے ساتھ لے گئیں ۔ مسٹر بھٹاچاریہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پانجہ کو جان بوجھ پر اپنے ساتھ لے گئیں تاکہ انہیں پولیس سے بچایاجاسکے ۔ کانگریس کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری نے بھی اس کے لئے ممتا بنرجی پر سخت تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ بنگلہ دیش کے دورے پر جارہی تھیں تو اس وقت وہ نہ صرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ تھیں بلکہ وہ پورے ملک کی نمائندگی کررہی تھیں ۔ انہوں نے ایک مجرم کو اپنے ساتھ لے جاکر نہ صرف بنگال کا بلکہ پورے ملک کا وقار مجروح کیا ہے۔

Mamata Banerjee Aide Shibaji Panja Arrested at Kolkata

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں