کجریوال کی صدر نائب صدر اور وزیر داخلہ سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-12

کجریوال کی صدر نائب صدر اور وزیر داخلہ سے ملاقات

نئی دہلی
یو این آئی
دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی تاریخی کامیابی کے دوسرے ہی دن آج قائد اے اے پی لیجسلیچر پارٹی و نامزد چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے دہلی کو ریاست کا موقف دینے کے اپنے دیرینہ مطالبہ پر مرکز سے تائید و تعاون طلب کیا ہے ۔ انہوں نے آج سہ پہر یہاں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں شنبہ`14فروری کو ہونے والی اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔ اس ملاقات کے دوران دہلی کے سابق وزیر منیش سسوڈیا بھی کجریوال کے ساتھ تھے۔ سسوڈیا نے سوشل نٹ ورک سائٹ ٹوئٹر پر بتایاکہ’’ ہم نے راج ناتھ سنگھ سے درخواست کی کہ دہلی کو مکمل ریاست کے حقوق ملنے کے تعلق سے وہ (راج ناتھ سنگھ) تائید کریں ۔ ہم نے یہ بھی درخواست کی کہ ریاستی حکومت اور مرکز دونوں کو دہلی کے لئے مل جل کر تعمیری انداز میں کام کرنا چاہئے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ کجریوال کو کل شام اے اے پی لیجسلیچر پارٹی کا، رسمی طور پر قائد منتخب کرلیا گیا ۔ اس کے جلد بعد انہوں نے لیفٹنینٹ گورنر دہلی نجیب جنگ سے ملاقات کی اور آئندہ حکومت کی تشکیل کے لئے ادعا پیش کردیا ۔ کجریوال نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ تقریب حلف برداری14فروری کو رام لیلا میدان پر منعقد کرنا چاہتے ہیں ۔ سسوڈیا نے مزید بتایا کہ ہم نے راج ناتھ سنگھ سے کہا ہے کہ اے اے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں قطعی اکثریت حاصل کی ہے۔ وزیر داخلہ نے تیقن دیا کہ مرکز حکومت دہلی کے ساتھ تعمیری تعاون کرے گا ۔‘‘وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو سے ملاقات کے بعد آج شام، دہلی کے مقرر کردہ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری سے ملاقات کی۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے کجریوال کو کتابیں تحفہ میں پیش کی ۔ اس مالقات کو خیر سگالی بتاتے ہوئے سسوڈیا نے رپورٹرس سے مخاطبت میں کہا کہ یہ ایک خیر سگالی ملاقات تھی، ہم نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کی اور ان کے مشوروں کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کجریوال کو دو کتابیں دستور ہند اور تھاٹس اینڈ ریفلیکشنس تحفہ میں دی ۔ اس سے قبل کجریوال اور سسوڈیا نے نائب صدر ڈاکٹر انصاری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔

Kejriwal meets President VP & HM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں