کجریوال حکومت کا پہلا جنتا دربار - 200 افراد سے چیف منسٹر دہلی کی ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-19

کجریوال حکومت کا پہلا جنتا دربار - 200 افراد سے چیف منسٹر دہلی کی ملاقات

غازی آباد
پی ٹی آئی
صدر عام آدمی پارٹی اروند کجریوال نے چیف منسٹر دہلی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آج پہلی بار عوام سے تال میل قائم کرتے ہوئے پارٹی کے کوشمبھی دفتر( غازی آباد) میں ایک جنتا دربار منعقد کیا اور عوام کی شکایات کی سماعت کی ۔ گزشتہ مرتبہ ایسے جنتا دربار کے انعقاد میں بد انتظامی اور حد سے زیادہ ہجوم کو سنبھالنے کے مسائل کا سامنا ہوا تھا لیکن اس مرتبہ بڑے منظم انداز میں یہ دربار منعقد کیا گیا ۔ ایک پارٹی لیڈر نے بتایا کہ ’’آج لگ بھگ200افراد یہاں پہنچے اور کجریوال نے صبح10بجے سے لوگوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کیا جو دوپہر12:30بجے ختم ہوا ۔ اس کے بعد کجریوال ، دہلی سکریٹریٹ روانہ ہوگئے ۔ لوگوں کو چار تا پ انچ کے گروپس کی شکل میں چیف منسٹر سے ملاقات کے لئے اندر جانے کی اجازت دی گئی ۔‘‘ پارٹی کے عہدیدار نے مزید کہا کہ’’حکومت دہلی کے سربراہ کی حیثیت سے کجریوال ہر چہار شنبہ، جمعرات اور جمعہ کو اے اے پی کوشمبھی دفتر پر جنتا دربار منعقد کریں گے ۔ نئی دہلی میں سرکاری قیام گاہ کو ان کی منتقلی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔‘‘ پارٹی کے ایک والینٹیر نے بتایا کہ’’ عوام کے مسائل کی سماعت اور ان مسائل پر توجہ دینے کے کام کو منظم انداز میں انجام دینے کے لئے مختلف شکایات کی سماعت کے لئے ایک ، ایک مصرحہ دن مقرر کیاجائے گا ۔ جیسے دہلی جل بورڈ(ڈی جے بی) لیبرمسائل، برقی اور بلدیہ کے مسائل کی سماعت کے لئے علیحدہ علیحدہ ایام مقرر کئے جائیں گے ۔

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پاکستانی کشتی کے واقعہ پر عام آدمی پارٹی نے آج مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا ہے کہ حکومت کے طریقہ کار سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ’‘ایک ہاتھ جو کچھ کررہا ہے اس کی خبر دوسرے ہاتھ کو نہیں ہے۔‘‘ اے اے پی نے واقعہ کو’’تعلقات عامہ‘‘ کی سرگرمی کے طور پر استعمال کرنے اور قومی سلامتی کی اہمیت کو گھٹانے کے این ڈی اے حکومت کے مبینہ طریقہ پر بھی تنقید کی ۔ سینئر پارٹی لیڈر آشوتوش نے یہاں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’اس سے حکومت کی کارکردگی کی عکاسی ہوتی ہے ۔ ایک سینئر عہدیدارکچھ کہتا ہے اور حکومت کچھ دوسری بات کہتی ہے ۔ یہ بات ایسی ہے جیسے ایک ہاتھ کی کارکردگی کی خبر، دوسرے ہاتھ کو نہ ہو۔‘‘ متضاد بیانات سے قومی سلامتی کی اہمیت کو’’گھٹانے‘‘ پرمرکز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اے اے پی نے کہا کہ حکومت نے اس واقعہ کو اپنی شان جتانے کے لئے استعمال کیا ہے ۔ پارٹی ترجمان دیپک باجپائی نے کہا کہ’’ حکومت نے اس واقعہ کو تعلقات عامہ (پی آر) کی ایک سرگرمی کے طور پر استعمال کیا۔ اے اے پی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مونو گرام کے حامل سوٹ کی فروخت پر وزیر اعظم کا مضحکہ بھی اڑایا۔ یہ سوٹ آج سورت میں نیلام کیا گیا ۔ اے اے پی نے چرچوں پر حملوں پر مودی کے ریمارکس کا بھی مضحکہ اڑایا۔

Arvind Kejriwal holds first janta darbar after becoming Delhi Chief Minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں