آئی ایس آئی ایس کی جانب سے 21 مغویہ مصریوں کے سر قلم کرنے کا ویڈیو جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-17

آئی ایس آئی ایس کی جانب سے 21 مغویہ مصریوں کے سر قلم کرنے کا ویڈیو جاری

قاہرہ
پی ٹی آئی
اسلامی ریاست(آئی ایس ) کے جنگجوؤں کی جانب سے لیبیا نے مصر کے21قبطی عیسائی باشندوں کے اجتماعی سر قلم کرنے کا ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس کے بعد مصری فوج نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے تنظیم کے تربیتی کیمپوں پر آج بمباری شروع کردی ۔ پانچ منٹ کے اس ویڈیو میں یرغمالیوں کو روایتی زعفرانی لباس میں ہاتھ بندھے ہوئے دکھایا گیا ، جنہیں سیاہ نقاب لگائے جنگجوؤں نے لیبیائی دارالحکومت تریپولی کے قریب ایک ساحل پر سر قلم کرتے ہوئے قتل کردیا ۔ اس ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے آئی ایس نے جاری کیا ہے جنگجوؤں میں سے ایک شخص کو ویڈیو کے اختتام پر یہ کہتے ہوئے سنا گیا ، یہ وہی سمندر ہے جس میں تم نے شیخ اسامہ بن لادن کی نعش سپرد آب کی ۔ اللہ کی قسم ہم اسے تمہارے خون سے رنگین کردیں گے ۔ اطلاعات کے مطابق ان21مصریوں کو تقریباً ایک ماہ قبل لیبیا میں اغواکیا گیا تھا ، جس کے بعد ان امکانات کا اظہار کیاجانے لگا کہ جنگجو گروپ آئی ایس کا اٹلی کی سرحد پر لیبیا کے جنگجوؤں سے راست الحاق ہے ۔ جنگجوؤں میں سے ایک نے ویڈیو میں اس امکان کا راست طور پر حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ان کا گروپ اب روم کو فتح کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ شام اور عراق کے بڑے رقبہ پر قابض آئی ایس کی جانب سے اس علاقہ سے ہٹ کر کسی اور مقام پر سر قلم کرنے کا یہ پہلاواقعہ منظر عام پر آیا ہے ، جس کی مصر نے فوری طور پر شدید مذمت کی ہے ۔مصری فوج نے آج ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس نے لیبیا میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے اور اس کے تربیتی کیمپوں اور اس کے اسلحہ کے ذخیرہ خانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ مصری فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ فوج نے لیبیا میں پیر کو داعش کے کیمپوں پر حملے کئے ۔ ان کے اتجماع ، تربیت اور اسلحہ رکھنے کے مقامات کو نشانہ بنایا۔ اس طرح قاتلوں سے مصریوں کے خون کا بدلہ لیا گیا ہے ۔ فوج کے ترجمان محمد سمیر نے اپنے بیان میں کہا ہر کسی کو جان لینا چاہئے کہ مصر کے پاس وہ ڈھال ہے جو اس کی سلامتی کا تحفظ کرتی ہے اور ایک تلوار ہے جو دہشت گردی کو کاٹ سکتی ہے ۔ ویڈیو جاری ہونے کے بعد قومی ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ ان کے ملک کو ان قاتلوں سے انتقام لینے کا حق حاصل ہے ۔ لیبیا کی حکومت کی وفادار ایرفورس کے کمانڈر بریگیڈیئر سقر الجوروشی نے العربیہ ٹیلی ویژن کو فون کے ذریعہ بتایا کہ فضائی حملوں میں لیبیائی فورس نے بھی مصر کا ساتھ دیا ہے۔ یہ حملے مشرقی شہر دیرنا میں کئے گئے ۔ دیرنا کے باشندوں نے اطلاع دی ہے کہ حملے آج صبح کئے گئے ۔ جو روشی نے کہا کہ مزید حملے کئے جائیں گے جو مصر اور لیبیا مشترکہ طور پر کریں گے ۔ کثیر الآبادی عرب ملک مصر تا حال عراق و شام میں آئی ایس کے خلاف ہونے والے امریکی زیر قیادت فضائی حملوں میں راست طور پر حصہ نہیں لے رہا تھا اور اس کی زیادہ تر توجہ اس کے اپنے سرحدی حدود میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی پر ہے ۔

ISIS releases video of beheadings of 21 Egyptian Coptic Christians in Libya

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں