آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے - کانگریس کا دھرنا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-24

آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے - کانگریس کا دھرنا

حیدرآباد
یو این آئی
آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے اور دیگر وعدوں پر عمل آوری کے لئے مرکز پر دباؤ ڈالنے آندھراپردیش کانگریس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج آندھرا پردیش کانگریس کی جانب سے پارلیمنٹ کے احاطہ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے روبرو پلے کارڈس کے ساتھ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے دھرنا دیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس قائد ٹی سی رامی ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے موقع پر اس وقت بی جے پی نے کہا تھا کہ ریاست کو خصوصی درجہ دیاجائے گا لیکن مرکز میں بی جے پی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد اس وعدہ کو پورا نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے یہ استدلال پیش کیاجارہا ہے کہ اے پی کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے معاملہ پر دیگر ریاستوں کی جانب سے اعتراض کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ریاستوں کا معاملہ الگ ہے اور اے پی کا معاملہ اس سے مکمل طور پر الگ ہے ۔ قبل ازیں آندھر اپردیش کے کانگریس قائدین کا اجلاس دہلی میں واقع اے آئی سی سی کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی ڈگ وجئے سنگھ ، سابق مرکزی وزرا جئے رام رمیش ، جے ڈی سلیم، صدر آندھر اپردیش کانگریس کمیٹی رگھو یر ریڈی، رام چندریا ، کے وی پی رام چندرراؤ اور آندھرا پردیش کانگریس کے اہم لیڈروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رگھو ویر ریڈی نے کہا کہ اے پی کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے مرکز پر دباؤ ڈالنے یہ دھرنا دیاجارہا ہے ۔ سابق ریاستی وزیر شلیجہ ناتھ نے کہا کہ رائلسیما اور آندھرا کو خصوصی مالی پیکیج کے علاوہ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کے وعدوں پر عمل آوری کے لئے مرکز پر دباؤ ڈالنے یہ اجلاس منعقد کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھر ا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ ملنا اس کا حق ہے ۔

Grant special category status to AP, Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں