بی جے پی کو متکبرانہ رویہ لے ڈوبا - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-11

بی جے پی کو متکبرانہ رویہ لے ڈوبا - ممتا بنرجی

mamata-tweets on delhi election results
رامپور ہاٹ
یو این آئی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے عام آدمی پارٹی کی جیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کے عوام نے متکبرانہ رویہ اور بدلے کی سیاست کو شکست فاش سے دوچار کردیا ہے ۔ یہ متکبروں کی شکست اور عام آدمی کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی یک طرفہ جیت نے بی جے پی کے غبارے کی ہوا نکال دی ہے ۔ ایک سرکاری پروگرام میں ممتا بنرجی نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں عوام کی توہین کبھی بھی برداشت نہیں کی جاتی ہے۔ آج تکبر اور بدلے کی سیاست کی شکست فاش ہوئی ہے ۔ عوام نے ڈیمو کریسی کو نیا موڑ دیدیاہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگالی کہاوت ہے کہ تکبرانہ رویہ ہر ایک نیچے کی طرف لے جاتا ہے ۔ ترنمول کانگریس کی سپریمو نے کہا کہ سیاست میں بدلے کے جذبات ، ذات پر کیچڑ اچھالنے اور عوام کی توہین جیسے رویہ کو برداشت نہیں کیاجاتا ہے ۔ ممتا بنرجی نے مودی کی قیادت ولای مرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بدلے کے جذبہ کے تحت کام کررہی ہے اور بنگال میں سی بی آئی کا غلط استعمال کیاجارہا ہے ۔ مغربی بنگال حکومت کے ایک سرکاری پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ دہلی میں عوام کی جیت ہوئی ہے جو عوا م کے لئے عوام کے ہاتھوں کام کرے گی ۔ ہار نے والا ہارنے والا ہوتا ہے جب کہ جیتنے والا ہی سکندر ہوتا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں فساد کی سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے جو لوگ فرقہ واریت کی سیاست کررہے ہیں ان کے لئے میرا پیغام ہے کہ وہ اس سے باز آجائیں ۔ آج صبح ہی ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کرکے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی یک طرفہ جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دہلی کے عام آدمی کی جیت ہے ۔ انہوں نے لکھا تھا کہ دہلی کے عوام نے نفرت اور بدلے کی سیاست کو خارج کردیا ہے ۔ انہوں نے لکھا کہ اس کے لئے دہلی کی عوام ، عام آدمی پارٹی کے ورکرس اور لیڈران مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ ممتا بنرجی نے اروند کجریوال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ دہلی کے عوام کے لئے بہت کچھ کریں گے اور یہ ایک اچھی شروعات ہوگی ۔

Delhi poll results: AAP win a defeat for arrogance, says Mamata Banerjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں