دہلی میں ہر طرف آپ - بی جے پی کا پتہ صاف - کانگریس کی عزت خراب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-10

دہلی میں ہر طرف آپ - بی جے پی کا پتہ صاف - کانگریس کی عزت خراب

delhi-election-2015-results
دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے کا اعلان ہو چکا ہے۔ عام آدمی پارٹی کو دہلی کی 70 اسمبلی نشستوں میں سے 67 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بی جے پی کی خراب حالت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پارٹی کی طرف سے وزارت اعلیٰ کی دعویدار کرن بیدی تک کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بی جے پی کو صرف 3 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ کانگریس کا تو کھاتا بھی نہیں کھل پایا ہے۔

اروند کیجریوال نے عام آدمی پارٹی کو شاندار فتح دلانے کے لئے دہلی کے عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر آشوتوش نے بتایا ہے کہ اروند کیجریوال 14/فروری کو رام لیلا میدان میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ بی جے پی کی وزارت اعلیٰ کی دعویدار کرن بیدی نے پارٹی کی شکست تسلیم ہوئے عام آدمی پارٹی چیف اروند کیجریوال کو مبارک باد دی ہے۔ اس دوران دہلی کانگریس سربراہ اروندر سنگھ لولی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

نئی دہلی سے اروند کیجریوال نے 31 ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے علاوہ چاندنی چوک سے الکا لامبا، کرول باغ سے وشیس روی، چھتر پور سے کرتار سنگھ تنور، امبیڈکرنگر سے اجے دت، ماڈل ٹاؤن سے اکھلیش ترپاٹھی، کالکا جی سے اوتار سنگھ اور شکور بستی سے ستیندر جین نے کامیابی حاصل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سوربھ بھاردواج نے گریٹر کیلاش نشست پر کانگریس امیدوار اور صدر پرنب مکھرجی کی دختر شرمشٹھا مکھرجی کو ہرا دیا ہے۔

بی جے پی کو صرف 3 نشستوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا ہے۔ وشواس نگر سے اوم پرکاش شرما، مصطفیٰ آباد سے جگدیش پردھان اور روہنی سے وجیندر گپتا نے کامیابی حاصل کی ہے۔ پارٹی کی وزارت اعلیٰ کی دعویدار کرن بیدی کو کرشنا نگر سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے ایس کے بگا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جنک پوری سیٹ پر بی جے پی کے سینئر لیڈر جگدیش مکھی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

'آپ' نے 70 میں سے 67 نشستوں پر فتح حاصل کی ہے۔ اس سے قبل ہندوستان میں ایسا صرف دو مرتبہ ہوا ہے۔ ایک بار سکم میں اور دوسری بار بہار میں۔ اس کے علاوہ 1991 میں تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں AIDMK اور کانگریس اتحاد نے 234 نشستوں میں سے 225 پر جیت درج کی تھی، جبکہ اس کے بعد ہوئے اسمبلی انتخابات میں ڈی ایم کے-کانگریس اتحاد نے 234 میں سے 221 نشستیں جیتی تھیں۔

عام آدمی پارٹی لیڈر آشوتوش نے بتایا ہے کہ اروند کیجریوال 14/فروری کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب کا انعقاد اس بار بھی رام لیلا میدان میں کیا جائے گا۔
عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کیجریوال اسی تاریخ کو حلف لیں گے جس دن انہوں نے گزشتہ سال استعفی دیا تھا۔ 14 فروری کو دہلی کی نئی حکومت کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ حلف اٹھانے سے قبل وہ صدر، وزیر اعظم اور ہوم منسٹر سے ملاقات کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
اروند کیجریوال کو پروٹوکول کے تحت دہلی کے وزیر اعلی کے طور پر زیڈ پلس زمرہ کی سکیرٹی ملے گی۔ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ کیجریوال سیکورٹی کو قبول کریں گے یا نہیں۔

ذرائع کی اطلاع کے بموجب اروند کیجریوال نے صدر پرنب مکھرجی، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ صدر اور وزیر اعظم سے ملنے کے لیے انہوں نے منگل کی شام کا ہی وقت طلب کیا ہے جبکہ راج ناتھ سنگھ سے وہ بدھ کو ملنا چاہتے ہیں۔

بی جے پی کی وزارت اعلیٰ کی دعویدار کرن بیدی نے اروند کیجریوال کو ٹوئٹر پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ 'اروند کو پورے نمبر ملتے ہیں۔ اب دہلی کو ان بلندیوں پر لے جائیں، جس کی یہ حقدار ہے۔ اسے عالمی معیار کا شہر بنایا جائے '

کانگریس ایک بھی نشست حاصل کرنے سے قاصر رہی۔ اس عبرتناک شکست کے سبب کانگریس کی مہم کمیٹی کے سربراہ اجے ماکن نے جنرل سکریٹری کے عہدے سے اور دہلی کانگریس سربراہ اعلیٰ اروندر سنگھ لولی نے اپنے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

Delhi election results 2015: Kejriwal's AAP ends Modi's winning spree, decimates Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں